پاکستان اور افغانستان کی افواج کے درمیان جمعے کو سرحد کے درجنوں مقامات پر شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا، جبکہ اقوام متحدہ کے مطابق ایک ہفتے سے جاری اس تنازع کے باعث ایک لاکھ سے زائد افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ ’گذشتہ ہفتے پاکستان کے ساتھ کشیدگی بڑھنے کے بعد سے افغانستان میں 56 شہری ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 24 بچے بھی شامل ہیں۔‘ انہوں نے بتایا کہ ’رواں برس کے آغاز سے اب تک افغانستان میں شہری ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 69 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 141 افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘ وولکر ترک نے پاکستان کی فوج اور افغانستان کی عبوری سکیورٹی فورسز پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر لڑائی بند کریں اور ان لاکھوں افراد کی مدد کو ترجیح دیں جو انسانی امداد پر انحصار کر رہے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جنوبی ایشیا کے یہ دونوں ممالک کئی برسوں کی بدترین جھڑپوں میں مصروف ہیں اور مفاہمت کے آثار دکھائی نہیں دے رہے۔ اس صورتحال نے خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھا دیا ہے، جہاں پہلے ہی ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے باعث کشیدگی پائی جاتی ہے۔ ایران ایک ایسا ملک ہے جس کی سرحدیں افغانستان اور پاکستان دونوں کے ساتھ ملتی ہیں۔ لڑائی کے دوران پاکستان کی جانب سے افغان طالبان حکومت کی تنصیبات پر فضائی حملے بھی کیے گئے، جن میں افغان دارالحکومت کابل کے شمال میں واقع بگرام ایئر بیس بھی شامل ہے۔ افغانستان کی وزارتِ دفاع کے مطابق طالبان فورسز نے 2600 کلومیٹر طویل سرحد کے مختلف حصوں میں پاکستانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، متعدد چوکیاں تباہ کیں اور ایک ڈرون بھی مار گرایا۔ دوسری جانب پاکستانی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے زمینی اور فضائی کارروائیاں کرتے ہوئے افغان فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں طالبان کا مضبوط گڑھ قندھار بھی شامل ہے جہاں تنظیم کی مرکزی قیادت موجود ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں کئی افغان سرحدی چوکیاں تباہ کر دی گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق جمعے کو کابل میں درجنوں افراد پاکستان کے مبینہ حملوں کے خلاف احتجاج کے لیے جمع ہوئے اور پاکستان مخالف نعرے لگائے۔ افغان خبر رساں ادارے باختر کے مطابق صوبہ لغمان میں بھی ایک بڑے اجتماع نے پاکستان کے حالیہ حملوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔
Source: social media
آج شب چاند عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا
امریکی صدر ٹرمپ کا چینی صدر کو طنز بھرا پیغام
غزہ امن معاہدے پر امریکا، قطر، ترکیہ اور مصر نے دستخط کر دیے
افغانستان میں زلزلے سے سینکڑوں افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے: طالبان حکومت
افغانستان میں زلزلے سے 800 سے زیادہ افراد ہلاک، ہزاروں زخمی
نیپال میں پولیس کی فائرنگ سے 20 مظاہرین ہلاک، 350 زخمی، وزیر داخلہ مستعفی
افغانستان میں زلزلے سے 800 سے زیادہ افراد ہلاک، ہزاروں زخمی
نیپال میں پولیس کی فائرنگ سے 20 مظاہرین ہلاک، 350 زخمی، وزیر داخلہ مستعفی
سلامتی کونسل میں صدر ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی حمایت میں قرارداد منظور
گوگل کا اسرائیلی پروپیگنڈا کو فروغ دینے کیلیے کروڑوں ڈالر کا معاہدہ