International

نیپال میں ہولناک سڑک حادثہ، ندی میں بس گرنے سے 18 افراد ہلاک، 27 زخمی

نیپال میں ہولناک سڑک حادثہ، ندی میں بس گرنے سے 18 افراد ہلاک، 27 زخمی

نیپال کے ضلع دھادنگ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک ہولناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 18 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 27 زخمی ہو گئے۔ پوکھرا سے راجدھانی کھٹمنڈو آنے والی ایک مسافر بس پرتھوی راج مارگ پر گجوری کے قریب تریشولی ندی میں جا گری۔ حادثہ رات تقریباً ڈیڑھ بجے اس وقت پیش آیا جب بس کھٹمنڈو سے قریب 90 کلو میٹر مغرب کی سمت سفر کر رہی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق بس اچانک بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری اور سیدھی ندی میں جا سمائی۔ ایس ایس بی (سشستر پولیس بل) کے ترجمان بشنو پرساد بھٹ نے بتایا کہ جائے حادثہ سے اب تک 18 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔ مرنے والوں میں ایک مرد مسافر نیوزی لینڈ کا شہری بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی مراکز اور کٹھمنڈو کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں جاپان اور نیدرلینڈ کی ایک ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بس میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے۔ حادثے کی خبر ملتے ہی نیپال فوج، سشستر پولیس بل اور نیپال پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ اندھیری رات، پہاڑی علاقہ اور ندی کا تیز بہاؤ ریسکیو کارروائیوں میں بڑی رکاوٹ ثابت ہوا، تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے مقامی لوگوں کے تعاون سے رات بھر امدادی مہم جاری رکھی۔ کرین اور دیگر مشینری کی مدد سے بس تک رسائی حاصل کرنے اور پھنسے ہوئے مسافروں کو باہر نکالنے کی کوشش کی گئی۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments