International

مشہور یورپی موسیقی میلے’یورو ویژن‘ میں اسرائیل کی شرکت پر فن کاروں کا احتجاج،

مشہور یورپی موسیقی میلے’یورو ویژن‘ میں اسرائیل کی شرکت پر فن کاروں کا احتجاج،

یورپ کے سب سے بڑے موسیقی مقابلے "یوروویژن" میں اسرائیل کی شرکت خصوصاً غزہ پر جاری جارحیت کے سائے میں دنیا بھر میں شدید تنقید اور احتجاج کا باعث بنی ہوئی ہے۔ ان مظاہروں کا مرکز اس بار سوئٹزرلینڈ کا شہر بازل بنا، جہاں مقابلے کے مقام پر فلسطینی پرچموں اور "غزہ میں نسل کشی بند کرو" جیسے نعروں نے دنیا کی توجہ ایک بار پھر مظلوم فلسطینی عوام کی طرف مبذول کر دی۔ اسرائیل کی نمائندگی اس بار 24 سالہ گلوکارہ "یووال رافائیل" کر رہی ہیں جو 7 اکتوبر 2023ء کو پیش آنے والے واقعے میں "معجزانہ طور پر بچ جانے" کا دعویٰ کر چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے آپ کو لاشوں کے نیچے چھپا کر اپنی جان بچائی۔ وہ آج جمعرات کو "یوروویژن" کے دوسرے سیمی فائنل میں اپنے نغمے "ایک نیا دن طلوع ہوگا" کے ذریعے "امید اور یکجہتی" کا پیغام دینے کی کوشش کریں گی۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز بازل شہر میں فنکاروں کی ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں فلسطینی پرچم لہرائے گئے اور غزہ میں جاری نسل کشی کے خلاف آواز بلند کی گئی۔ بدھ کے روز "یوم نکبہ" کی یاد میں خاموش احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا، جس نے اس حساس موقع پر اسرائیلی شرکت کو مزید متنازع بنا دیا۔ اگرچہ اسرائیل کی اس شرکت پر شدید تنقید جاری ہے،لیکن یووال رافائیل کو فائنل میں پہنچنے کے لیے مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ آج کے سیمی فائنل میں 15 ملکوں کے فنکاروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، جن میں سے صرف 10 کو فائنل تک رسائی ملے گی۔ بازل کے جدید ترین سانٹ یاکوب شالے ہال میں ہونے والی اس تقریب میں 6500 سے زائد تماشائی موجود ہوں گے، جب کہ کروڑوں ناظرین دنیا بھر سے ٹی وی پر یہ مقابلہ دیکھیں گے اور اپنے ووٹوں سے نتائج کا فیصلہ کریں گے۔ ادھر بیٹنگ ایجنسیوں کے مطابق آسٹریا اسرائیل اور فن لینڈ کے امیدوار فائنل میں پہنچنے کے لیے سب سے مضبوط دعوے دار ہیں جب کہ مالٹا، آسٹریلیا اور لتھوانیا کے بھی امکانات اچھے بتائے جا رہے ہیں۔ آج کے سیمی فائنل میں دیگر شرکت کرنے والے ممالک میں مونٹی نیگرو، آئرلینڈ، لٹویا، آرمینیا، یونان، جارجیا، ڈنمارک، سربیا، چیکیا اور لکسمبرگ شامل ہیں۔ اسرائیل کی موجودگی نے اس بار یوروویژن کو ایک فنکارانہ مقابلے سے زیادہ ایک عالمی سیاسی بحث کا مرکز بنا دیا ہے، جہاں ایک طرف موسیقی ہے تو دوسری طرف فلسطین کی بقا اور انسانیت کی آواز بلند ہو رہی ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments