International

مادورو کو پکڑنے کی امریکی کارروائی میں وینزویلا اور کیوبا کے 55 فوجی مارے گئے: حکام

مادورو کو پکڑنے کی امریکی کارروائی میں وینزویلا اور کیوبا کے 55 فوجی مارے گئے: حکام

نکولس مادورو کو پکڑنے کے لیے امریکی فوجی کارروائی میں کیوبا اور وینزویلا کے 55 فوجی مارے گئے۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منگل کو لاطینی امریکہ کے اتحادی ملکوں کیوبا اور وینزویلا نے گزشتہ ہفتے کے امریکی حملے میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ امریکی فوج کی اس کارروائی میں وینزویلا کے دارالحکومت میں صدر نکولس مادورو کی رہائش گاہ پر ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اہلکار اتارے گئے تھے۔ امریکی وقت کے مطابق سنیچر کی صبح چار بج پر 21 منٹ پر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر اعلان کیا تھا کہ اُن کی افواج نے ’ایک جرات مندانہ مشن‘ کے ذریعے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو پکڑ کر لیا ہے۔ ٹروتھ سوشل پر اس ابتدائی پوسٹ کے لگ بھگ سات گھنٹے بعد صدر ٹرمپ نے صدر نکولس مادورو کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ ٹریک سوٹ پہنے ہوئے تھے، اُن کی آنکھوں پر پٹی تھی، اور ہاتھوں میں پانی کی بوتل پکڑے کھڑے تھے۔ کیوبا کی حکومت نے اپنے اُن 32 اہلکاروں کے نام جاری کیے ہیں جو کاراکس میں اُس رات مارے گئے جبکہ وینزویلا کی فوج نے اپنے 23 اہلکاروں کے ناموں کی فہرست شائع کی ہے جو امریکی فوج کی کارروائی میں ہلاک ہوئے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پینٹاگون نے اس کارروائی سے قبل کریبیئن میں بڑے پیمانے پر فوجی تعیناتی کی تھی، جن میں ایک طیارہ بردار جہاز، 11 جنگی جہاز، درجنوں ایف-35 طیارے اور کل 15 ہزار سے زائد فوجی شامل تھے۔ کارروائی کی ابتدا میں امریکی طیاروں نے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس اور اس کے قریب اُن اہداف اور فضائی دفاعی نظام پر حملے کیے جو اس کارروائی کی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتے تھے۔ صدر ٹرمپ نے فاکس نیوز کو بتایا تھا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امریکی طیاروں کی تعداد ’بہت زیادہ‘ تھی۔ انھوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک لڑاکا طیارہ موجود تھا۔‘ ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والی دھماکوں کی آوازیں سُن کر کاراکس کے رہائشی خوفزدہ ہوئے۔ وہاں کے ایک مقامی صحافی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا تھا کہ انھیں ایسا لگا کہ جیسے اُن کا گھر گِر جائے گا۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments