راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب سخت سکیورٹی میں اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا اور ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔
پمز ہسپتال کی انتظامیہ سے وابستہ ایک اہلکار کے مطابق عمران خان کا معائنہ ایک خصوصی طبی ٹیم نے کیا، جو پہلے سے ہسپتال میں موجود تھی۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ معائنے کے دوران ان کا بلڈ پریشر، بخار اور آنکھوں سمیت دیگر ضروری طبی ٹیسٹ بھی کیے گئے۔
پمز ہسپتال کے اہلکار کے مطابق عمران خان کو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک ہسپتال میں رکھا گیا اور طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد انھیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو 10 اور 11 نومبر 2026 کی درمیانی شب راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے طبی معائنے اور آنکھ کے علاج کے فالو اپ کے لیے پمز منتقل کیا گیا۔
پمز کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آنکھوں کے معالج کی ہدایت پر عمران خان کا طبی معائنہ کیا گیا جس میں آنکھوں کا جائزہ بھی شامل تھا۔
پمز کے اعلامیے میں تحریر ہے کہ معائنے کے دوران عمران خان کی اہم جسمانی علامات معمول کے مطابق پائی گئیں، ان کی حالت بھی مستحکم تھی اور عمومی جسمانی معائنہ بھی معمول کے مطابق تھا۔
اعلامیے کے مطابق مریض کی رضا مندی حاصل کرنے اور معیاری طبی نگرانی، احتیاطی تدابیر اور طبی پروٹوکول اختیار کرنے کے بعد ماہرینِ امراضِ چشم کی ٹیم نے ان کی آنکھ میں انٹرا وٹریئل اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن لگایا۔
اس سے قبل آٹھ نومبر کو بھی عمران خان کا جیل میں طبی معائنہ کیا گیا تھا۔
جیل حکام کے مطابق عمران خان کو رات ایک بج کر 40 منٹ پر اڈیالہ جیل سے روانہ کیا گیا جبکہ پمز ہسپتال میں مکمل طبی معائنے کے بعد انھیں تین بج کر 25 منٹ پر واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اپیلوں کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے موکل کا بلڈ پریشر قابو میں نہیں آ رہا۔ ان کے بقول عمران خان نے جیل میں ملاقات کے دوران انہھں بتایا تھا کہ بلڈ پریشر کے باعث انھیں برین ہیمرج کا خطرہ ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے اڈیالہ جیل حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ بدھ کے روز سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ایک گھنٹے کی ملاقات کرائیں۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب سخت سکیورٹی میں اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال منتقل ...
Source: Admin