سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے تین بیلسٹک میزائل راستے میں ہی تباہ کر دیے ہیں۔
اتحاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تینوں میزائلوں کو روک کر تباہ کر دیا۔
اس سے قبل خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ریاض میں موجود نمائندے نے دو دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد سعودی حکام نے خبردار کیا کہ دارالحکومت کو ایک ’دشمنانہ فضائی خطرے‘ کا سامنا ہے۔ تاہم کچھ دیر بعد سعودی شہری دفاع نے اعلان کیا کہ صورتحال قابو میں ہے اور خطرہ ٹل چکا ہے۔
دوسری جانب حوثیوں نے بھی ایکس پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ انھوں نے ریاض سمیت سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
گذشتہ روز سعودی زیرقیادت اتحاد نے یمن کے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع حدیدہ بندرگاہ اور دیگر مقامات پر حملے کیے تھے، جنھیں اتحاد نے ’خصوصی آپریشن‘ قرار دیا۔ حوثیوں نے ان حملوں کے جواب میں کارروائی کی دھمکی دی تھی۔
یمن کی خانہ جنگی میں حالیہ ہفتوں کے دوران لڑائی دوبارہ شدت اختیار کر گئی ہے، جس کے ساتھ ہی سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سعودی عرب یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرتا ہے، جبکہ حوثی ملک کے بڑے حصے پر کنٹرول رکھتے ہیں۔
سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے تین بیلسٹک میزائل راستے میں ہی تباہ کر دیے ہیں۔...
Source: Admin