فن لینڈ کی حکومت نے روسی کھلاڑیوں کے ملک میں داخلے پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
فن لینڈ کی حکومت نے روسی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندیاں عائد کرنے کا پالیسی فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت روسی کھلاڑیوں سمیت دیگر افراد کے مختصر مدت کے لیے کام کی غرض سے داخلے کو بھی محدود کیا جائے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ نئی پابندیوں کا اطلاق 16 نومبر 2026 سے ہوگا۔
حکومت کے مطابق روسی کھلاڑیوں کی ملک میں آمد سے اس کے بین الاقوامی تعلقات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ نئی پابندیاں صرف کھلاڑیوں تک محدود نہیں ہوں گی بلکہ مختصر مدت کے دیگر روزگار کے سلسلے میں آنے والے روسی شہری بھی ان کے دائرے میں آئیں گے۔
خیال رہے کہ فن لینڈ کی وزیر خارجہ ایلینا والٹونن نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ حکومت روسی شہریوں کے داخلے سے متعلق موجودہ پالیسی میں ترمیم کرے گی، جسے آخری مرتبہ 2023 کے موسم گرما میں اپ ڈیٹ کیا گیا تھا۔
فن لینڈ کئی برس سے روسی شہریوں کے غیرضروری سفر پر پابندیاں عائد کیے ہوئے ہے، تاہم موجودہ پالیسی میں بعض استثنیٰ برقرار ہیں، جن میں فن لینڈ میں مستقل رہائش پذیر روسی شہریوں کے اہل خانہ، ٹرانسپورٹ ورکرز، کاروباری افراد اور اپنے ملکیتی اثاثوں کی دیکھ بھال کے لیے آنے والے افراد شامل ہیں۔
فن لینڈ کی حکومت نے روسی کھلاڑیوں کے ملک میں داخلے پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔...
Source: Admin