آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پاشینیان نے پیر کو نئے آئین کا مسودہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آذربائیجان کے ساتھ مستقل امن معاہدے کی جانب واحد راستہ ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نئے مسودے میں 1990 کے اعلانِ آزادی میں شامل اس شق کو ختم کر دیا گیا ہے جس میں متنازع نگورنو کاراباخ خطے کے ساتھ اتحاد کی بات کی گئی تھی۔
سوویت یونین کے خاتمے کے بعد سے آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان نگورنو کاراباخ کے تنازع پر کشیدگی جاری رہی ہے۔ 2023 میں آذربائیجان نے ایک فوجی کارروائی کے ذریعے دوبارہ اس علاقے کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں آرمینی باشندے علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔
اس کے بعد سے باکو مسلسل یہ مطالبہ کر رہا تھا کہ امن معاہدے کے لیے آرمینیا اپنے آئین میں تبدیلی کرے۔
قوم سے خطاب میں پاشینیان نے کہا کہ اگر عوام ریفرنڈم میں نئے آئین کی حمایت کرتے ہیں تو آذربائیجان کے ساتھ امن معاہدہ ممکن ہو جائے گا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر عوام نے اس مسودے کو مسترد کر دیا تو وہ وزارتِ عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیں گے۔
مجوزہ آئین میں 1990 کے دیباچے کو حذف کر دیا گیا ہے، جس میں نگورنو کاراباخ کے ساتھ الحاق اور سلطنتِ عثمانیہ کے دور میں آرمینی باشندوں کے قتلِ عام کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کرنے کا مطالبہ شامل تھا۔
اپوزیشن جماعتوں نے پاشینیان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ آذربائیجان کے دباؤ کے سامنے جھک گئے ہیں۔ ناقدین اس مسودے کو آذربائیجان کے صدر الہام علییف کے نام پر ’علییف کا آئین‘ قرار دے رہے ہیں۔
تاہم پاشینیان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آرمینیا یہ تبدیلیاں کسی بیرونی دباؤ کے تحت نہیں کر رہا۔ انہوں نے اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ ریفرنڈم میں رکاوٹ نہ بنے۔
آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پاشینیان نے پیر کو نئے آئین کا مسودہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آذربائیجان کے ساتھ مستقل امن معاہدے کی جانب واحد راستہ ہے۔...
Source: Admin