شکاگو: پیر کو امریکا میں فضائی سفر کرنے والوں کو اُس وقت ایک نئی مصیبت کا سامنا کرنا پڑا جب امریکا بھر میں یونائیٹڈ ایئر لائنز کی پروازیں اچانک گراؤنڈ کر دی گئیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یونائیٹڈ ایئر لائنز کے ایک نظام میں 90 منٹ سے زائد وقت تک خرابی برقرار رہنے کے باعث پیر کے روز اس کی پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔ چند روز قبل ہی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے نیٹ ورک میں خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازیں روکے جانے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔
یونائیٹڈ نے سوشل میڈیا پر صارفین سے اس زحمت کے لیے معذرت کی۔ پائلٹس کی جانب سے فضائی ٹریفک کنٹرولرز کو پہلی مرتبہ مسئلے کی اطلاع دینے کے تقریباً ایک گھنٹہ 40 منٹ بعد خرابی دور کر دی گئی۔
یونائیٹڈ نے فوری طور پر یہ تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ اس کے کون سے نظام متاثر ہوئے تھے، تاہم پائلٹس نے فضائی ٹریفک کنٹرولرز کو بتایا کہ مسئلہ اس نظام سے متعلق تھا جو انھیں طیارے کے حتمی وزن کا تعین کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ہر پرواز کی روانگی سے پہلے پائلٹس کارکردگی جانچنے والا سافٹ ویئر استعمال کرتے ہیں، جو عموماً کاک پٹ میں موجود ٹیبلٹ پر ہوتا ہے۔ اس کے ذریعے وہ جانچتے ہیں کہ موجودہ موسمی حالات اور رن وے کی صورت حال میں طیارہ بحفاظت پرواز کر سکتا ہے یا نہیں۔ پرواز سے پہلے کیے جانے والے ان حسابات میں طیارے کے وزن کے علاوہ اس میں موجود ایندھن، سامان، مال برداری اور مسافروں کی تفصیلات بھی شامل ہوتی ہیں۔
یونائیٹڈ ایئرلائنز میں پائلٹ کے طور پر خدمات انجام دینے والے، ایوی ایشن سیفٹی کے ماہر اسٹیو ارویو نے کہا ’’ان تمام اعداد و شمار کا درست اور بالکل صحیح ہونا انتہائی اہم ہے۔ پائلٹس پرواز کے آغاز سے لے کر لینڈنگ تک اس معلومات کی مدد سے طیارے کی رہنمائی اور کارکردگی کا تعین کرتے ہیں۔‘‘
انھوں نے بتایا کہ برسوں پہلے پائلٹس وزن سے متعلق یہ تمام حساب کتاب پنسل اور کاغذ کی مدد سے خود کرتے تھے اور پھر اعداد و شمار ریڈیو کے ذریعے متعلقہ حکام کو بتاتے تھے۔ تاہم اب یہ تمام حساب کتاب الیکٹرانک طریقے سے کیا جاتا ہے اور پھر معلومات طیارے کے کمپیوٹرز میں منتقل کر دی جاتی ہیں۔
پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق پیر کی شام تک یونائیٹڈ کی تقریباً 600 پروازیں تاخیر کا شکار تھیں۔ پیر کی شام کے اوائل میں جاری کردہ ایک بیان میں ایئرلائن نے کہا کہ اس نے اس مسئلے سے متعلق تکنیکی خرابی دور کر دی ہے۔ یونائیٹڈ نے شام پانچ بجے سے کچھ پہلے اس خرابی کے بارے میں اعلان کیا تھا۔
یونائیٹڈ کے پائلٹس کی نمائندہ یونین نے ایک بیان میں کہا کہ اس تعطل سے پائلٹس کے زیر استعمال متعدد ایپلی کیشنز متاثر ہوئی تھیں۔ ان میں عملے کے باہمی رابطے اور پیغام رسانی کے نظام کے علاوہ روانہ ہونے والی پروازوں کے لیے طیارے کے حتمی وزن کی معلومات فراہم کرنے کا نظام بھی شامل تھا۔
شکاگو: پیر کو امریکا میں فضائی سفر کرنے والوں کو اُس وقت ایک نئی مصیبت کا سامنا کرنا پڑا جب امریکا بھر میں یونائیٹڈ ایئر لائنز کی پروازیں اچانک گراؤنڈ کر دی گئیں۔...
Source: Admin