امریکی انٹیلی جنس کی نئی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ ایران امریکہ کے اندر حملے کرنے کے ممکنہ منصوبوں پر غور کر رہا ہے، جن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اہم عہدیداروں کو نشانہ بنایا جائے گا، اس کے لیے دارالحکومت واشنگٹن میں ''ڈرٹی بم'' یا کیمیائی ہتھیار استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ یہ بات سی این این نے سات امریکی عہدیداروں کے حوالے سے بتائی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی منصوبے اپنے موجودہ مرحلے میں تہران کے لیے ممکنہ آپشنز فراہم کرنے کے لیے ہیں، ضروری نہیں کہ ان سے کسی قریب الوقوع حملے کا اشارہ ملتا ہو۔ تاہم انٹیلی جنس معلومات میں ممکنہ مقامات اور اہداف سے متعلق مخصوص تفصیلات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث امریکی عہدیداروں نے اپنے اجلاس بڑھا دیے ہیں اور اس خطرے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی منصوبے تیار کیے ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ امریکی انٹیلی جنس نے ایسی ایرانی مواصلات کا پتہ لگایا ہے، جن میں امریکہ کے اندر دھماکہ خیز مواد بنانے میں استعمال ہو سکنے والے مواد کو ذخیرہ کرنے کا ذکر ہے، تاہم عہدیدار ان معلومات کی معتبریت کے بارے میں اب بھی منقسم ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کے حملے ایسے افراد کے ذریعے آسانی سے کیے جا سکتے ہیں ،جو پہلے سے ملک کے اندر موجود ہوں ، ضروری نہیں کہ بیرون ملک سے تربیت یافتہ عناصر کو لایا جائے۔
اس سلسلے میں وائٹ ہاؤس کی ترجمان لورین بیس نے کہا کہ امریکہ تمام ممکنہ خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس وقت امریکی سرزمین کو نشانہ بنانے والے کوئی قابلِ اعتبار خطرات موجود نہیں ہیں۔
ڈرٹی بم جوہری ہتھیار سے مختلف ہوتا ہے، کیونکہ اس میں روایتی دھماکہ خیز مواد کے ذریعے تابکار مواد پھیلایا جاتا ہے،اس میں جوہری زنجیری ردِعمل شامل نہیں ہوتا۔
اگرچہ اس کی تباہ کن صلاحیت جوہری بم کے مقابلے میں بہت کم ہوتی ہے، لیکن یہ تابکار آلودگی پھیلا سکتا ہے، بڑے پیمانے پر خوف و ہراس پیدا کر سکتا ہےاور بعض علاقوں کو ناقابلِ استعمال بنا سکتا ہے۔
کیمیائی ہتھیار اور امریکی وزیر کی رہائش کی تبدیلی
اسی طرح واشنگٹن ایسی انٹیلی جنس معلومات کی نگرانی کر رہا ہے جن کے مطابق ایران مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی افواج کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کر سکتا ہے۔ ان خدشات کے باعث خطے میں امریکی سفارت کاروں اور انٹیلی جنس اہلکاروں کے تحفظ کے لیے ضروری سازوسامان اور تربیت کو یقینی بنانے کے اقدامات شروع ہوئے ہیں، جبکہ بعض افواج کے پاس حفاظتی سازوسامان کے ناکافی ہونے کے بارے میں انتباہات بھی سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ میں اس جانب بھی توجہ دلائی گئی کہ نئے خطرات نے امریکی عہدیداروں کو گزشتہ ہفتے کے دوران گہرے اجلاس منعقد کرنے پر مجبور کیا، جبکہ اسی دوران وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ گزشتہ ہفتے ایک فوجی رہائش گاہ میں منتقل ہو گئے، جو ایرانی دھمکیوں کے پس منظر میں سیکرٹ سروس کے اختیار کردہ حفاظتی اقدامات کا نتیجہ تھا۔
اس کے برعکس اقوامِ متحدہ میں ایرانی مشن نے کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کی منصوبہ بندی سے متعلق الزامات کی تردید کی اور انہیں جھوٹے اور من گھڑت دعوے قرار دیا اور زور دے کر کہا کہ تہران کسی بھی صورت میں ایسے ہتھیاروں کے استعمال کو مسترد کرتا ہے۔
یہ پیش رفت واشنگٹن اور تہران کے درمیان جنگ ختم کرنے، امریکی ناکہ بندی اٹھانے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق مذاکرات کے مسلسل تعطل کے ساتھ سامنے آئی ہے۔
ایک باخبر ذرائع نے خبردار کیا کہ آنے والے ہفتے مذاکرات کا رخ متعین کرنے کے لیے فیصلہ کن ہوں گے، اور اس امکان کی طرف اشارہ کیا کہ ایران کے اندر سخت گیر عناصر کسی بھی معاہدے میں رکاوٹ ڈالنے اور تصادم کو کھلا رکھنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
امریکی عہدیداروں کے مطابق تہران جانتا ہے کہ اس نوعیت کا حملہ امریکہ کی جانب سے وسیع ردِعمل کا سبب بن سکتا ہے، تاہم خدشات اس امکان پر مرکوز ہیں کہ ایرانی قیادت نظام کی بقا کو لاحق خطرے کے پیش نظر اس سطح کی کشیدگی کا خطرہ مول لینے پر آمادہ ہو سکتی ہے۔
یہ انتباہات واشنگٹن اور تہران کے درمیان بڑھتے ہوئے تصادم، امریکی فوجی حملوں کے تسلسل اور ایران پر عائد معاشی ناکہ بندی کے پس منظر میں سامنے آئے ہیں، جبکہ جنگ ختم کرنے کے لیے ہونے والے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔
امریکی انٹیلی جنس کی نئی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ ایران امریکہ کے اندر حملے کرنے کے ممکنہ منصوبوں پر غور کر رہا ہے، جن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اہم عہدیداروں کو نشانہ بنای...
Source: Admin