International

امریکی حملے میں بچ جانے والے ایرانی ملاحوں کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک ہوگا: سری لنکا

امریکی حملے میں بچ جانے والے ایرانی ملاحوں کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک ہوگا: سری لنکا

سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک امریکی ٹورپیڈو حملے کا نشانہ بننے والی ایرانی فریگیٹ سے بچائے گئے ایرانی ملاحوں کے ساتھ بین الاقوامی قانون کے مطابق سلوک کرے گا۔ یہ بیان ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ واشنگٹن کولمبو پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ انہیں ان کے ملک واپس نہ بھیجا جائے۔ وجیتھا ہیراتھ نے نیو دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سری لنکا بین الاقوامی معاہدوں کے تحت کولمبو کی ذمہ داریوں کے مطابق ایرانی فریگیٹ ’’ آئی ریس دینا ‘‘ کے 32 ملاحوں کو دیکھ بھال فراہم کر رہا ہے۔ یاد رہے بدھ کے روز ایک امریکی آبدوز نے سری لنکا کے جنوبی ساحل کے قریب اس فریگیٹ کو ڈبو دیا تھا۔ سری لنکا نے بچ جانے والوں کو بچانے اور 84 لاشیں نکالنے کے لیے اپنی بحریہ روانہ کی تھی۔ جب ہیراتھ سے پوچھا گیا کہ کیا کولمبو پر ایرانیوں کو واپس نہ بھیجنے کے لیے امریکی دباؤ ہے تو انہوں نے براہ راست جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ ہم نے تمام اقدامات بین الاقوامی قوانین کے مطابق کیے ہیں۔ سری لنکا نے دوسری ایرانی جنگی کشتی ’’ آئی ریس بوشہر ‘‘ کو بھی محفوظ پناہ گاہ فراہم کی اور ’’ آئی ریس دینا ‘‘ پر ٹورپیڈو حملے کے ایک دن بعد اس کے 219 رکنی عملے کو نکال لیا تھا۔ انجنوں میں خرابی کی اطلاع کے بعد اس بحری جہاز کو سری لنکا کے شمال مشرقی ساحل پر واقع ٹرنکومالی منتقل کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا بھارت نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ اس نے ایرانی بحری جنگی جہاز ’’ آئی ریس لاوان ‘‘ کو آپریشنل مسائل کی اطلاع کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنی ایک بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دے دی ہے۔ ’ آئی ریس لاوان ‘‘ بدھ کو جنوب مغربی بھارت کی بندرگاہ کوچی میں لنگر انداز ہوا تھا۔ یہ تینوں ایرانی بحری جہاز گزشتہ ہفتے مشرق وسطیٰ میں جنگ چھڑنے سے پہلے بھارت کی جانب سے منعقدہ کثیر قومی بحری بیڑے کی نمائش میں شریک تھے۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ میرا خیال ہے کہ یہ ایک انسانی رویہ ہے اور ہم نے اسی اصول کو اپنایا ہے۔ جے شنکر نے مزید کہا کہ بحری جہاز پر سوار افراد میں بہت سے نوجوان کیڈٹس تھے۔ وہ جہاز سے اتر چکے ہیں اور اب قریبی تنصیب میں موجود ہیں۔ سری لنکا کے صدر انورا کمارا دیسانائیکے نے اس ہفتے کہا تھا کہ کولمبو ہیگ کنونشن نافذ کرے گا جو ایک غیر جانبدار ملک کو پابند کرتا ہے کہ وہ متحارب ملک کے جنگجوؤں کو فوجی کارروائیاں ختم ہونے تک اپنے پاس رکھے۔ دوسری جانب ایک سینئر امریکی انتظامی اہلکار نے بتایا کہ کولمبو ٹورپیڈو حملے کا شکار ہونے والے جہاز کے بچ جانے والوں کے معاملے پر ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔ امریکی اہلکار نے واضح کیا کہ بین الاقوامی انسانی قانون بحری جہاز ’’ آئی ریس دینا ‘‘کے بچ جانے والوں پر لاگو ہوتا ہے اور زخمیوں کو ان کی درخواست پر وطن واپس بھیجا جا سکتا ہے۔ کولمبو میں ایرانی سفارت کاروں نے بتایا کہ انہوں نے امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے 84 ملاحوں کی باقیات ایران واپس بھیجنے کی درخواست کی ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments