انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے اپنی تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اپنی زیادہ تر 60 فیصد تک افزودہ یورینیئم اصفہان میں واقع زیرِ زمین سرنگ پر مبنی کمپلیکس میں محفوظ کر رکھی ہے اور تہران سے فوری معائنوں کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ عرب میڈیا ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق ایران بدستور 60 فیصد تک یورینیئم افزودہ کر رہا ہے جو ہتھیاروں کے معیار سے صرف ایک قدم دور سمجھی جاتی ہے۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی رپورٹ میں اصفہان کی تنصیب تک رسائی نہ ملنے پر تشویش کا اظہار اور معائنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ سال 12 روزہ جنگ کے دوران اس نے اصفہان سمیت 3 ایرانی جوہری تنصیبات کو تباہ کر دیا تھا۔ اس سے متعلق آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ ایران اصفہان میں ایک چوتھی افزودگی تنصیب بھی قائم کر رہا تھا تاہم معائنہ کاروں کو اس کے درست مقام اور عملی حیثیت کے بارے میں علم نہیں، سیٹلائٹ تصاویر میں سرنگ کے داخلی راستے پر معمول کی گاڑیوں کی آمد و رفت دیکھی گئی ہے جہاں 20 اور 60 فیصد تک افزودہ یورینیئم ذخیرہ کی گئی تھی۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی رپورٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان عمان کی ثالثی میں جنیوا میں مذاکرات کا تیسرا دور بے نتیجہ ختم ہوا۔ آئندہ ہفتے ویانا میں آئی اے ای اے کے 35 رکنی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں اس معاملے پر غور کیا جائے گا جبکہ اسی دوران عمان کی ثالثی میں تکنیکی مذاکرات بھی جاری رہیں گے۔ ایجنسی کے مطابق 60 فیصد تک افزودہ تقریباً 440 کلوگرام یورینیئم کے ذخیرے کے مستقبل پر بھی غیر یقینی سی صورتِ حال ہے جس کا آخری بار معائنہ گزشتہ سال 10 جون کو کیا گیا تھا۔ دوسری جانب ایران نے اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے بعد آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون معطل کر دیا تھا اور متاثرہ مقامات تک رسائی محدود کر دی تھی جبکہ تہران کا الزام ہے کہ ایجنسی نے حملوں کی مذمت نہیں کی تھی۔ واضح رہے کہ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے حالیہ مذاکرات کے بعد کہا تھا کہ امریکا کو اپنے ’غیر ضروری مطالبات‘ ترک کرنا ہوں گے، امریکا ایران سے جوہری ڈھانچہ ختم کرنے، بیلسٹک میزائل پروگرام محدود کرنے اور خطے میں اپنے اتحادیوں کی حمایت بند کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔
Source: social media
آج شب چاند عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا
امریکی صدر ٹرمپ کا چینی صدر کو طنز بھرا پیغام
غزہ امن معاہدے پر امریکا، قطر، ترکیہ اور مصر نے دستخط کر دیے
افغانستان میں زلزلے سے سینکڑوں افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے: طالبان حکومت
افغانستان میں زلزلے سے 800 سے زیادہ افراد ہلاک، ہزاروں زخمی
نیپال میں پولیس کی فائرنگ سے 20 مظاہرین ہلاک، 350 زخمی، وزیر داخلہ مستعفی
افغانستان میں زلزلے سے 800 سے زیادہ افراد ہلاک، ہزاروں زخمی
نیپال میں پولیس کی فائرنگ سے 20 مظاہرین ہلاک، 350 زخمی، وزیر داخلہ مستعفی
سلامتی کونسل میں صدر ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی حمایت میں قرارداد منظور
گوگل کا اسرائیلی پروپیگنڈا کو فروغ دینے کیلیے کروڑوں ڈالر کا معاہدہ