National

’یہ آئینی اقدار کی جیت ہے‘، وقف ترمیمی قانون پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کا کانگریس نے کیا استقبال

’یہ آئینی اقدار کی جیت ہے‘، وقف ترمیمی قانون پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کا کانگریس نے کیا استقبال

’وقف (ترمیمی) قانون 2025‘ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے۔ عدالت نے اس معاملہ میں مسلم فریق کی کچھ دلیلیں تسلیم تو کر لی ہیں، لیکن مکمل قانون پر روک لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر کانگریس کا رد عمل بھی سامنے آ گیا ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’وقف ترمیمی قانون پر سپریم کورٹ کا فیصلہ لائق ستائش ہے۔ سپریم کورٹ نے ثابت کر دیا کہ ملک میں آئین سب سے اوپر ہے، جس کی جڑیں کوئی نہیں ہلا سکتا۔‘‘ ساتھ ہی کانگریس لکھتی ہے کہ ’’عدالت نے حکومت کے آئین مخالف ارادے کو کامیاب نہیں ہونے دیا اور کہا ہے کہ وقف بورڈ کا سی ای او مسلم ہونا لازمی ہے۔ ریاستی وقف بورڈ میں 3 سے زائد رکن کسی اور مذہب کے نہیں ہو سکتے۔ سنٹرل وقف بورڈ میں 4 سے زیادہ رکن کسی اور مذہب کے نہیں ہو سکتے۔‘‘ کانگریس نے پوسٹ میں آگے لکھا کہ ’’5 سال سے مسلم ہونے پر ہی جائیداد وقف کرنے والی شرط پر بھی روک لگا دی گئی ہے۔ کانگریس پارٹی نے سڑک سے لے کر پارلیمنٹ تک وقف ترمیمی قانون کے خلاف آواز اٹھائی تھی، لیکن آج مودی حکومت کی سازش ناکام ہو چکی ہے۔ یہ جمہوریت اور آئین کی جیت ہے۔‘‘ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی اس تعلق سے اپنا بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ’’معزز سپریم کورٹ نے آج اپنے عبوری حکم میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ یہی وہ معاملہ ہے جس کے لیے اپوزیشن مودی حکومت کے خلاف متحد تھا۔ بی جے پی نے ایک متنازعہ قانون کو جبراً مسلط کرنے کی کوشش کی تھی، جو صرف اور صرف فرقہ وارانہ جذبات کو بھڑکانے اور اُن مسائل کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے بنایا گیا تھا جنہیں بھارت نے بہت پہلے حل کر لیا تھا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’کانگریس پارٹی ہر شہری کے حقوق کے دفاع میں پُرعزم کھڑی ہے، بغیر کسی خوف یا طرف داری کے، جیسا کہ ہمارا آئین ضمانت دیتا ہے۔ اس کے برعکس بی جے پی محض تنگ نظر انتخابی فائدوں کے لیے معاشرے کو تقسیم کرنے کے لیے کوشاں رہتی ہے۔‘‘

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments