بی جے پی حکومت میں بنگال میں ہوا پانچواں ’انکاونٹر‘، پولیس فائرنگ میں ملزم ہلاک
پولیس ذرائع کے مطابق، ہفتے کے روز زخمی کانسٹیبل بسواجیت داس سے سوویندو ادھیکاری کی ملاقات کے بعد رتن کو گرفتار کرنے کا دباو¿ بڑھ گیا تھا۔ رتن پر کانسٹیبل کو گولی مارنے کا الزام تھا اور اگلے ہی دن پولیس نے اسے ہلاک کر دیا۔
بنگال میں بی جے پی حکومت کے چھ ماہ کے دور میں اتوار کے روز پانچویں مبینہ ’انکاونٹر‘ میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ بیر پولیس نے دو روز قبل ایک کانسٹیبل پر فائرنگ کرکے اسے زخمی کرنے کے ملزم کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
پولیس نے رتن شیخ کو گولی مارے جانے کے حالات کے بارے میں ایک غیر معمولی تفصیل پیش کی ہے۔ یہ واقعہ وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری کی جانب سے ایک دن پہلے یہ یقین دہانی کرائے جانے کے بعد پیش آیا کہ حالات کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
عام طور پر پولیس کی جانب سے یہ بیان دیا جاتا ہے کہ فائرنگ کا شکار ہونے والے شخص نے پولیس اہلکار کا اسلحہ چھیننے کی کوشش کی تھی، جس کے بعد اسے گولی ماری گئی۔ لیکن اس معاملے میں پولیس کے مطابق، تفتیشی افسران رتن کو اس کا اسلحہ برآمد کرنے کے لیے اس کے ٹھکانے پر لے گئے تھے، جہاں اس نے اچانک چھپایا ہوا ہتھیار نکال کر فائرنگ کر دی۔ ذرائع کے مطابق، اس کی گولی پولیس کی گاڑی میں لگی۔
پولیس کی فائرنگ میں زخمی رتن کو شام 5 بج کر 45 منٹ پر نانوڑ بلاک اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
ہفتے کی شام سوویندو ادھیکاری نے بردوان میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کا دورہ کرکے کانسٹیبل بسواجیت داس سے ملاقات کی تھی، جسے جمعہ کے روز رتن نے زخمی کر دیا تھا۔
سوویندو نے صحافیوں سے کہا تھا کہ رتن ترنمول کی حمایت یافتہ ایک غنڈہ ہے اور اس کے خلاف 36 مقدمات درج ہیں۔ اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی اور پولیس حالات کو دیکھتے ہوئے کارروائی کرے گی۔
شوبھندونے مزید کہا تھا کہ پولیس کو بندوقیں اور گولیاں صرف اپنی جیبوں میں رکھنے کے لیے نہیں دی گئی ہیں۔
رتن کی موت کے بعد سوویندو نے تقریباً ایک ہفتہ پہلے ہوئے گزشتہ مبینہ ’انکاونٹر‘ کے بعد دیے گئے اپنے بیان کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پولیس پر فائرنگ کرے گا تو پولیس اس پر پھولوں کی پتیاں نہیں برسائے گی اور نہ ہی اسے مٹھائیاں پیش کرے گی۔
بیرکے نانوڑ کا رہنے والا رتن جمعہ کے روز اپنے خلاف درج ایک مقدمے میں ضمانت پر جیل سے رہا ہوا تھا۔
اسی شام اطلاع ملنے پر کہ وہ ایک اور جرم کرنے والا ہے، شانتی نکیتن پولیس کی ایک ٹیم اسے گرفتار کرنے پہنچی اور بس اسٹینڈ پر اس کا سامنا ہوا۔ الزام ہے کہ رتن نے فائرنگ کی، جس میں کانسٹیبل داس کے بائیں گھٹنے میں گولی لگی، اور اس کے بعد وہ فرار ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، ہفتے کے روز سوویندو کی داس سے ملاقات کے بعد رتن کو گرفتار کرنے کا دباو بڑھ گیا تھا۔ اس کی تلاش کے لیے کم از کم ایک درجن پولیس ٹیمیں مختلف علاقوں میں روانہ کی گئیں۔
ایک ذریعے نے بتایا کہ اتوار کی صبح نانوڑ کے ایک گاوں سے رتن کو حراست میں لیا گیا۔ اس سے داس پر فائرنگ کے لیے مبینہ طور پر استعمال کیا گیا ہتھیار حوالے کرنے کو کہا گیا تو اس نے دعویٰ کیا کہ اس نے اسے اوچکرن گاوں کی ایک اینٹ بھٹی میں چھپا رکھا ہے۔
بیر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ وِدت راج بھنڈیش نے بتایا، ”نانوڑ پولیس اسٹیشن کے علاقے میں اوچکرن گاوں کے ایک اینٹوں کے میدان میں اسلحہ برآمد کرنے کی کارروائی کے دوران رتن نے اچانک چھپایا ہوا ہتھیار نکالا اور پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔“
انہوں نے کہا، ”اس کی ایک گولی پولیس کی گاڑی میں لگی۔ اپنے دفاع میں پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔“
اس سے پہلے چار مبینہ ’انکاونٹر‘ باری پور (جنوبی 24 پرگنہ)، گائی گھاٹا (شمالی 24 پرگنہ)، سمشیر گنج (مرشد آباد) اور رائے گنج (شمالی دیناج پور) میں ہوئے تھے۔
ان میں سے تین واقعات میں ملزمان پر نابالغ لڑکیوں کے مبینہ ریپ اور قتل کے الزامات تھے۔ سمشیر گنج کے معاملے میں ملزم پر ایک شخص کو قتل کرنے، لاش کے ٹکڑے کرنے اور انہیں بھاگیرتھی ندی سے منسلک ایک فیڈر نہر میں پھینکنے کا الزام تھا۔
اتوار کے روز سوویندو نے ان واقعات کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے کہا کہ بنگال میں غنڈوں، عصمت دری کرنے والوں اور قاتلوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور انہیں بنگلہ دیش فرار ہو جانا چاہیے۔
بولپور سب ڈویڑنل اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ رتن کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے وہاں لائی گئی ہے۔ ان کے مطابق، نانوڑ اسپتال کے ریکارڈ میں موت کی وجہ ”گولی لگنے سے موت“ درج کی گئی ہے۔ ایک ذریعے نے بتایا کہ بظاہر رتن کے سینے میں گولی لگی تھی۔ڈاکٹر نے کہا، ”موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہو سکے گی۔“اپوزیشن رہنماو¿ں نے بار بار ہونے والی ان مبینہ ’انکاونٹر‘ اموات کی مذمت کی ہے۔سی پی ایم کی مرکزی کمیٹی کے رکن سوجن چکرورتی نے کہا، ”بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد انکاونٹر کی روایت شروع ہوئی۔ اس کا آغاز باری پور سے ہوا تھا۔ انکاونٹر قانون کی حکمرانی کا حصہ نہیں ہیں۔“انسانی حقوق کی تنظیم اے پی ڈی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ رتن کو فرضی انکاونٹر میں ہلاک کیا گیا۔
اے پی ڈی آر کے نائب صدر رنجیت سور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا، ”پولیس چاہے جتنا بھی دعویٰ کرے کہ اس نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی، لیکن یہ واضح ہے کہ آج نانوڑ میں رتن شیخ کا قتل دراصل ماورائے عدالت قتل تھا۔
بی جے پی حکومت میں بنگال میں ہوا پانچواں ’انکاونٹر‘، پولیس فائرنگ میں ملزم ہلاک...
Source: Admin