National

’سماج واد‘ نہیں، در اصل ’نماز واد‘ کا حامی ہے انڈیا بلاک، بی جے پی

’سماج واد‘ نہیں، در اصل ’نماز واد‘ کا حامی ہے انڈیا بلاک، بی جے پی

بی جے پی نے پیر کے روز بہار میں حزب اختلاف کے اتحاد پر الزام لگایا کہ وہ آئین کو ’’شرعی مسودے‘‘ میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اپنے ’’نماز واد‘‘ کو چھپانے کے لیے ’’سماج واد‘‘ (سوشلزم) کا پردہ استعمال کر رہا ہے۔ وقف قانون کو کوڑے دان میں پھینکنے کے تیجسوی یادو کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی ترجمان سدھانشو ترویدی نے کہا کہ بہار میں آر جے ڈی-کانگریس-بائیں بازو کے ہندوستانی بلاک نے آئین کی توہین کا مظاہرہ کیا ہے، کیوں کہ وقف قانون پالیمنٹ سے منظور ہوا ہے اور سپریم کورٹ میں اس پر مقدمہ جاری ہے۔ انھوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کا اتحاد ووٹ بینک کی سیاست سے چلتا ہے اور چوں کہ مسلمانوں کی بڑی تعداد اس قانون کی مخالفت کر رہی ہے، لہٰذا وہ ان کو خوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ترویدی نے الزام لگایا کہ انڈیا بلاک پچھلے دروازوے سے آئین میں ’’شرعی دفعات‘‘ شامل کرنا چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ اور کرناٹک جیسی ریاستیں ہندو او بی سی، ایس سی اور ایس ٹی کے کوٹے کی قیمت پر مسلمانوں کو ریزرویشن دے رہی ہیں اور مغربی بنگال بھی ایسا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انھوں نے بی آر امبیڈکر کے ذریعہ تیار کردہ آئین کی اقدار کے تئیں بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کی وابستگی پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’سمودھان بچاؤ‘ ان جماعتوں کا محض ایک مکھوٹا ہے کیوں کہ ان کا اصل چہرہ ’شریعت لاؤ‘ ہے۔ اگر وہ اقتدار میں آ جائیں گے تو وہ آئین کی تمہید میں ’نماز واد‘ کا اضافہ بھی کردیں گے۔ وہ آئین کو شریعت میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ بہار کی راجدھانی پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا تھا کہ اگر ان کا اتحاد حکومت میں آتا ہے تو وہ وقف قانون کو ’’کوڑے دان‘‘ میں پھینک دے گا۔ سدھانشو ترویدی نے مزید کہا کہ حکمراں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس امبیڈکر کے آئین کی کسی بھی شق کو کوڑے دان میں پھینکنے کی اجازت نہیں دے گی۔ حزب اختلاف کی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جن شرعی دفعات کی وہ وکالت کر رہے ہیں وہ سعودی عرب، پاکستان، بنگلہ دیش اور ترکی سمیت اسلامی ممالک میں بھی نافذ نہیں ہیں۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments