بھوپال، 29 جون: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے بھوپال کے عیش باغ علاقے میں ’’90 ڈگری‘‘ موڑ والے ریلوے اوور برج (آر او بی) کی تعمیر میں سنگین لاپرواہی برتنے کے معاملے میں محکمہ تعمیرات عامہ کے سات انجینئروں کو معطل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایک ریٹائرڈ سپرنٹنڈنگ انجینئر (ایس ای) کے خلاف محکما جاتی انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کل دیر رات سوشل میڈیا کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا ’’میں نے عیش باغ آر او بی کی تعمیر میں سنگین غفلت کا نوٹس لیا تھا اور انکوائری کا حکم دیا تھا۔ تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر پی ڈبلیو ڈی کے آٹھ انجینئروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ دو سی ای سمیت سات انجینئروں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ ایک ریٹائرڈ ایس ای کے خلاف محکما جاتی انکوائری کی جائے گی۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے مزید لکھا ہے کہ ’’اس پروجیکٹ میں آر او بی کا ناقص ڈیزائن پیش کرنے پر تعمیراتی ایجنسی اور ڈیزائن کنسلٹنٹ دونوں کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔ آر او بی میں ضروری بہتری کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ بہتری آنے کے بعد ہی آر او بی کا افتتاح کیا جائے گا۔‘‘ شہر کے گنجان آباد علاقے عیش باغ میں ریلوے ٹریک کے اوپر سے گزرنے والے ریلوے اوور برج (آر او بی) کی تعمیر کا ایک انوکھا معاملہ ان دنوں سوشل میڈیا پر سرخیوں میں ہے۔ اس پل میں ایک جگہ 90 ڈگری کا ٹرن دیا گیا ہے۔ ایسے موڑ کی وجہ سے اس پل پر ہر وقت حادثات کا امکان رہتا ہے۔ سنگین لاپرواہی سے متعلق اس معاملے میں پل کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔ کافی تنقید کا سامنا کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے خود اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی۔ محکمہ تعمیرات عامہ نے متعلقہ انجینئرز کو معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔ معطل افسران میں چیف انجینئرز جی پی ورما اور سنجے کھانڈے، ایگزیکٹو انجینئر جاوید شکیل اور شبانہ رزاق، اسسٹنٹ انجینئرز سونل سکسینہ، سب انجینئر اوماشنکر مشرا اور روی شکلا شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریٹائرڈ سپرنٹنڈنٹ انجینئر ایم پی سنگھ کے خلاف محکما جاتی انکوائری کے احکامات دیے گئے ہیں۔
Source: uni urdu news service
اویسی کی پارٹی بہار میں مہاگٹھ بندھن کا بن سکتی ہے حصہ
راجستھان میں سرحدی علاقے سے ملی پاکستانی لڑکے اور لڑکی کی لاشیں
بھوپال کے مشہور ’90 ڈگری‘ موڑ والے پل کے معاملے میں سات انجینئرز معطل
رتھ یاترا کے دوران بھگدڑ سے 3 ہلاکتوں کے بعد ریاستی حکومت کی کارروائی، ڈی ایم اور ایس پی کا تبادلہ، 2 افسران معطل
مہاراشٹر حکومت نے اپوزیشن کے سخت احتجاج کے درمیان ہندی سے متعلق حکومتی قرارداد واپس لی
کانگریس نے بہار کے لیے 58 مبصرین کی تقرری کی
راجستھان میں سرحدی علاقے سے ملی پاکستانی لڑکے اور لڑکی کی لاشیں
منی پور میں صدر راج کے درمیان نئی حکومت تشکیل دینے کی تیاری، این بیرین سنگھ نے کہا اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کا دور جاری
قصبہ لا کالج گینگ ریپ: بی جے پی نے ممتا بنرجی سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا
مانسون کی وجہ سے جھارکھنڈ کے تمام اضلاع میں مسلسل بارش
’عدالتی فعالیت‘ ضروری، اسے ’عدالتی دہشت گردی‘ میں تبدیل نہیں ہونے دینا چاہیے: سی جے آئی گوائی
اوڈیشہ: پُری میں جگن ناتھ یاترا کے دوران بھگدڑ، 3 عقیدت مندوں کی موت، 50 زخمی
اویسی کی پارٹی بہار میں مہاگٹھ بندھن کا بن سکتی ہے حصہ
مہاراشٹر حکومت نے اپوزیشن کے سخت احتجاج کے درمیان ہندی سے متعلق حکومتی قرارداد واپس لی