منی پور کے سابق وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے کہا کہ ریاست میں ایک بار پھر مقبول حکومت بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ این بیرین سنگھ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ریاست میں صدر راج نافذ ہے۔ سابق بی جے پی حکومت کو ہٹا کر اس لیے صدر راج نافذ کیا گیا تھا کیونکہ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کا نظام بی جے پی قیادت والی این ڈی اے حکومت میں درہم برہم ہو چکا تھا، تشدد اپنے عروج پر تھا۔ حالانکہ صدر راج نافذ ہونے کے بعد بھی وہاں نسلی خوں ریزی مکمل طور سے ختم نہیں ہوئی ہے۔ ایسے میں پھر سے بی جے پی کا وہاں مقبول حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ، اپوزیشن کو حملہ آور ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ بہرحال، آج بی جے پی کے ریاستی دفتر میں ایک تقریب کے دوران سابق وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے کہا کہ انہیں امید ہے ریاست میں جلد ہی ایک نئی حکومت بنے گی۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم جلد از جلد حکومت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ایک قومی پارٹی ہیں، زمینی حالات دیکھنے کے بعد مجھے مکمل یقین ہے کہ حکومت جلد بنے گی۔ بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتیں بھی ایک مقبول حکومت چاہتی ہیں۔ ہم ایک مقبول حکومت کی واپسی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ این بیرین سنگھ کا کہنا ہے کہ ہم (بی جے پی) نے کسی پر تنقید نہیں کی ہے۔ ہم صرف موجودہ بحران پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت اور متعلقہ افسران سے بات چیت جاری ہے، تاکہ ریاست میں موجود مسائل کا پرامن حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اراکین اسمبلی کی باقاعدہ میٹنگیں کر رہے ہیں، تاکہ حکومت کی بحالی کی طرف قدم بڑھایا جا سکے۔ تمام لوگ امن کی بحالی چاہتے ہیں، امن بہت ضروری ہے۔ گزشتہ 8-7 ماہ میں دونوں برادریوں (کوکی اور میتئی) کے درمیان کوئی بڑا تصادم نہیں ہوا۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے 13 فروری کو منی پور میں اس وقت صدر راج نافذ کر دیا تھا جب وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ منی پور قانون ساز اسمبلی کی مدت 2027 تک ہے، لیکن اسے عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ جہاں تک منی پور میتئی اور کوکی برادریوں کے درمیان نسلی تشدد کا سوال ہے، یہ مئی 2023 سے ہنوز جاری ہے۔ اس تشدد میں اب تک 260 سے زائد لوگ مارے جا چکے ہیں اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔
Source: social media
اویسی کی پارٹی بہار میں مہاگٹھ بندھن کا بن سکتی ہے حصہ
راجستھان میں سرحدی علاقے سے ملی پاکستانی لڑکے اور لڑکی کی لاشیں
بھوپال کے مشہور ’90 ڈگری‘ موڑ والے پل کے معاملے میں سات انجینئرز معطل
رتھ یاترا کے دوران بھگدڑ سے 3 ہلاکتوں کے بعد ریاستی حکومت کی کارروائی، ڈی ایم اور ایس پی کا تبادلہ، 2 افسران معطل
مہاراشٹر حکومت نے اپوزیشن کے سخت احتجاج کے درمیان ہندی سے متعلق حکومتی قرارداد واپس لی
کانگریس نے بہار کے لیے 58 مبصرین کی تقرری کی
راجستھان میں سرحدی علاقے سے ملی پاکستانی لڑکے اور لڑکی کی لاشیں
منی پور میں صدر راج کے درمیان نئی حکومت تشکیل دینے کی تیاری، این بیرین سنگھ نے کہا اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کا دور جاری
قصبہ لا کالج گینگ ریپ: بی جے پی نے ممتا بنرجی سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا
مانسون کی وجہ سے جھارکھنڈ کے تمام اضلاع میں مسلسل بارش
’عدالتی فعالیت‘ ضروری، اسے ’عدالتی دہشت گردی‘ میں تبدیل نہیں ہونے دینا چاہیے: سی جے آئی گوائی
اوڈیشہ: پُری میں جگن ناتھ یاترا کے دوران بھگدڑ، 3 عقیدت مندوں کی موت، 50 زخمی
اویسی کی پارٹی بہار میں مہاگٹھ بندھن کا بن سکتی ہے حصہ
مہاراشٹر حکومت نے اپوزیشن کے سخت احتجاج کے درمیان ہندی سے متعلق حکومتی قرارداد واپس لی