نام ووٹر لسٹ سے خارج، اب شناختی دستاویزات کے لیے پولیس گھر پہنچنے لگی، بغیر کسی سرکاری حکم کے دستاویزات کی تصدیق شروع
رشیدہ بی بی، مومن حسین اور کئی دیگر افراد، جن میں زیادہ تر مسلم طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، پولیس کی جانب سے شناختی دستاویزات اور معاون کاغذات طلب کیے جانے کا سامنا کر رہے ہیں۔اکتوبر میں ہارنگھاٹا پولیس کی ایک ٹیم اچانک نادیہ ضلع کے بیروہی علاقے کے بیلڈانگا-چاندیرام پور میں رشیدہ بی بی کے گھر پہنچی۔ اس بزرگ خاتون کا نام ایس آئی آر کے تحت ووٹر لسٹ سے خارج کر دیا گیا تھا اور ان کی اپیل اپیلیٹ ٹریبونل میں زیر التوا ہے۔ پولیس نے ان سے اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے آدھار کارڈ، ووٹر شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات، جیسے پیدائش کا سرٹیفکیٹ، اسکول کا سرٹیفکیٹ، والدین کے تعلیمی سرٹیفکیٹ، زمین کے کاغذات اور 2002 کی ووٹر لسٹ میں درج سیریل نمبر پیش کرنے کو کہا۔
نادیہ ضلع کے بیروہی علاقے کے چاندیرام پور کے 39 سالہ مومن حسین کے گھر بھی ہارنگھاٹا پولیس پہنچی۔ مومن کا نام بھی ایس آئی آر کی کارروائی کے دوران ووٹر لسٹ سے خارج کر دیا گیا تھا اور ان کی اپیل ٹریبونل میں زیر التوا ہے۔ پولیس نے ان سے بھی اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے آدھار کارڈ، ووٹر شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات پیش کرنے کو کہا۔
بنگال میں ایس آئی آر کے دوران ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے ایسے ووٹروں کے گھروں پر پولیس کی آمد، جن کی اپیلیں اپیلیٹ ٹریبونل میں زیر التوا ہیں، نے اس بظاہر غیر اعلانیہ شناختی تصدیق کی کارروائی کے اختیار اور مقصد پر تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں اور شہری حقوق کی تنظیموں نے حکومت سے اس معاملے پر وضاحت طلب کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی ستمبر سے کئی اضلاع میں خاموشی کے ساتھ شروع کی گئی تھی۔ اس سے یہ سوال پیدا ہو گیا ہے کہ آیا پولیس کو اس طرح کی تصدیق کرنے کا قانونی یا انتظامی اختیار حاصل ہے یا نہیں۔الیکشن کمیشن (ای سی) کے ذرائع نے بتایا کہ کمیشن کی جانب سے اس کارروائی کی اجازت دینے والا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کئی اضلاع میں پولیس نے ایسے ووٹروں کو نوٹس جاری کیے ہیں، جن کے ناموں سے متعلق معاملہ زیر غور ہے۔ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ دستاویزات کے ساتھ پولیس اسٹیشنوں یا کیمپوں میں مقررہ افسران کے سامنے پیش ہوں یا پولیس ٹیموں کے دورے کے دوران اپنے کاغذات دکھائیں۔
بی جے پی کے کئی رہنماو¿ں اور اراکین اسمبلی نے بھی مبینہ طور پر عوامی مفاد کے نام پر اسی طرح کے نوٹس سوشل میڈیا پر شیئر کیے ہیں۔
یہ تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا، جب شمالی 24 پرگنہ ضلع کے نیاہاٹی کے قریب سیبداس پور کے تحت محمود پور-بھاباگاچی گاو¿ں میں تقریباً 360 ووٹروں کی دستاویزات کی تصدیق کا عمل پولیس نے روک دیا۔ مقامی لوگوں نے اس کارروائی کے لیے سرکاری حکم نامہ طلب کیا تھا۔
گاو¿ں والوں نے ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف ڈیموکریٹک رائٹس (اے پی ڈی آر) کی ایک ٹیم کے ساتھ مل کر پولیس سے اس کارروائی کی اجازت دینے والا سرکاری حکم نامہ دکھانے کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد پولیس ٹیم کو تصدیق کا عمل مکمل کیے بغیر واپس لوٹنا پڑا۔پولیس کی اس کارروائی پر سوال اٹھانے والے مقامی ترنمول پنچایت رکن انیس الر علی خان کو حراست میں لے لیا گیا۔ تاہم جمعرات کی شام انہیں رہا کر دیا گیا۔پولیس نے اے پی ڈی آر کی تین رکنی ٹیم پر بھی کشیدگی بھڑکانے کا الزام لگایا۔
اے پی ڈی آر کی نیاہاٹی-بھٹ پاڑہ یونٹ کے سکریٹری برون دتہ نے کہا کہ پولیس نے بدھ کی رات مقامی سیاسی رہنماو¿ں کے ذریعے گاو¿ں والوں سے اپنے دستاویزات کے ساتھ جمع ہونے کو کہا تھا۔دتہ نے الزام لگایا، ”ہم نے پولیس سے پوچھا کہ اس طرح کی تصدیق کے لیے متعلقہ حکم نامہ دکھائیں، کیونکہ یہ ان کا کام نہیں ہے۔ لیکن پولیس نے ہمارے ساتھ بدسلوکی کی۔ سیبداس پور تھانے کے او سی نے ہم پر الزام لگایا کہ ہم سرکاری افسران کو ان کے فرائض انجام دینے سے روک رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ جب اے پی ڈی آر کے بزرگ کارکن دیباشیش پال نے او سی سے پوچھا کہ کیا پولیس کو مقامی لوگوں سے دستاویزات طلب کرنے کا اختیار ہے، تو انہوں نے فون پر انہیں دھمکی دی۔
کئی اضلاع میں ضلع مجسٹریٹ، جو ضلعی الیکشن افسر بھی ہوتے ہیں، نے مبینہ طور پر اس بات سے انکار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اس طرح کی کوئی تصدیقی مہم چلائی جا رہی ہے۔
سینئر پولیس افسران نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس نامہ نگار کو بتایا کہ اس کارروائی کا مقصد ٹریبونل میں زیر التوا سماعتوں کو جلد مکمل کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کی مدد کرنا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ دستاویزات جمع کرنے کا حکم کس اتھارٹی نے دیا ہے۔
گاو¿ں والوں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ان کے لیے حیران کن ہے، کیونکہ اس سے پہلے بوتھ لیول افسران (بی ایل او) الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ معلومات جمع کر چکے ہیں۔ ہاوڑہ کے جگاچھا علاقے کے ایک رہائشی نے بتایا کہ پولیس نے ان سے ووٹر شناختی کارڈ، آدھار، پین کارڈ، بینک پاس بک کی فوٹو کاپی اور خاندان کے دیگر افراد کی تفصیلات طلب کیں، حالانکہ وہ یہ تمام دستاویزات پہلے ہی ٹریبونل میں اپنی درخواست کے ساتھ جمع کرا چکے تھے۔
’آخر کس کے حکم پر؟‘
سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری محمد سلیم نے اس کارروائی کو ”پراسرار“ قرار دیتے ہوئے ووٹر کی اہلیت کا فیصلہ کرنے کے پولیس کے اختیار پر سوال اٹھایا۔سلیم نے کہا، ”مجھے معلوم ہوا ہے کہ کئی علاقوں میں پولیس اہلکار ان لوگوں کے گھروں کا دورہ کر رہے ہیں، جنہوں نے ٹریبونل میں اپیل دائر کی ہے۔ بظاہر یہ تصدیق کے لیے کیا جا رہا ہے۔ پولیس کو یہ جانچنے کا کوئی اختیار نہیں ہے کہ کون ووٹر بن سکتا ہے اور کون نہیں۔ پولیس کو واضح کرنا چاہیے کہ وہ کس بنیاد پر تصدیق کے لیے اس طرح کے دستاویزات اور معلومات طلب کر رہی ہے۔ اگر یہ ٹریبونل کی مدد کے لیے مہم ہے تو سماعت کے لیے ضروری تمام دستاویزات ہر درخواست گزار پہلے ہی جمع کرا چکا ہے۔“
سلیم نے مزید کہا، ”حکومت کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیے بغیر پولیس اس طرح کے دستاویزات طلب نہیں کر سکتی۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم لوگوں کو قانونی مدد فراہم کریں گے۔ لیکن سب سے پہلے متعلقہ علاقوں کے ایس پیز کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ آخر کس کے حکم پر پولیس لوگوں کے گھروں تک پہنچ رہی ہے۔کرشن نگر پولیس ضلع کے ایس پی اتل وی نے اس کارروائی سے لاعلمی ظاہر کی، حالانکہ اطلاعات کے مطابق کئی تھانوں کے افسران نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ پولیس ٹیمیں دستاویزات جمع کر رہی ہیں۔
جوائنٹ فورم اگینسٹ این آر سی کے کنوینر پرشین جیت بوس نے سوال اٹھایا کہ پولیس نے اچانک یہ کام کیوں شروع کر دیا ہے۔بوس نے کہا، ”اب تک پولیس کی جانب سے کوئی مناسب جواب نہیں دیا گیا ہے۔ اگر یہ الیکشن کمیشن کا طریقہ کار ہے تو بی ایل او کہاں ہیں؟ پولیس کو ان تمام دستاویزات کی ضرورت کیوں پڑ رہی ہے؟ یہ عزت مآب سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف ہے۔ ہم اس کی سخت مخالفت کرتے ہیں اور ریاستی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پولیس کی جانب سے معلومات جمع کرنے کے اس غیر قانونی عمل کو فوری طور پر روکا جائے۔“
انہوں نے الزام لگایا کہ اس کارروائی پر سوال اٹھانے والے گاو¿ں والوں اور سماجی کارکنوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سِول رائٹس کی بنگال شاخ کے سکریٹری عمر اویس نے بھی اس معاملے میں شفافیت کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا، ”ریاستی حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ کس قانونی شق اور سرکاری حکم کے تحت یہ تصدیقی کارروائی کی جا رہی ہے۔ کیا الیکشن کمیشن یا ریاستی حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ ہدایت جاری کی گئی ہے؟ ہم اس کارروائی کے قانونی اختیار کے بارے میں سرکاری وضاحت چاہتے ہیں۔“یہ تنازع ایس آئی آر سے متعلق اپیلوں کے غیر معمولی بیک لاگ کے درمیان سامنے آیا ہے۔
”منطقی تضادات“ کی بنیاد پر جانچ کے دائرے میں لائے گئے 60,06,675 ووٹروں میں سے 27,28,500 کو نااہل قرار دے کر ووٹر لسٹ سے خارج کر دیا گیا، جبکہ 32,77,360 کو اہل قرار دیا گیا۔19 اپیلیٹ ٹریبونلز میں مجموعی طور پر 38.31 لاکھ اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔ ان میں سے 22.21 لاکھ اپیلیں ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے افراد نے اپنے نام دوبارہ شامل کرانے کے لیے دائر کی ہیں، جبکہ 16.10 لاکھ اپیلیں ووٹر لسٹ میں ناموں کی شمولیت کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کی گئی ہیں۔
نام ووٹر لسٹ سے خارج، اب شناختی دستاویزات کے لیے پولیس گھر پہنچنے لگی، بغیر کسی سرکاری حکم کے دستاویزات کی تصدیق شروع...
Source: Admin