Sports

پی ایس ایل کو چھوڑ کر آئی پی ایل کا انتخاب، بلیسنگ مزربانی پر دو سال کی پابندی

پی ایس ایل کو چھوڑ کر آئی پی ایل کا انتخاب، بلیسنگ مزربانی پر دو سال کی پابندی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ مزربانی پر دو سالہ پابندی عائد کر دی ہے، جس کے تحت وہ 2029 تک لیگ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق یہ پابندی اس وقت لگائی گئی جب اسلام آباد یونائیٹڈ سے معاہدہ کرنے کے باوجود انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ معاہدہ حاصل کرنے کے بعد پی ایس ایل سے علیحدگی اختیار کر لی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مؤقف اختیار کیا کہ کھلاڑی نے 'طے شدہ وعدوں کی بنیادی خلاف ورزی' کی اور لیگ کے 'پیشہ ورانہ ڈھانچے کو نقصان پہنچایا'۔ مزربانی کو پی ایس ایل ڈرافٹ کے فوراً بعد ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر شمر جوزف کے متبادل کے طور پر سائن کیا گیا تھا۔ شمر جوزف اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان باہمی رضامندی سے معاہدہ ختم ہوا، جس کے بعد مزربانی کو تقریباً ایک کروڑ 10 لاکھ پاکستانی روپے (تقریباً 40 ہزار امریکی ڈالر) کے معاوضے پر ٹیم میں شامل کیا گیا۔ تاہم، اگرچہ شرائط طے پا گئی تھیں، لیکن حتمی معاہدے پر دستخط نہیں ہوئے تھے، جس کے باعث مزربانی کو اس معاہدے سے دستبردار ہونے کا موقع ملا، جب کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مصطفیٰ الرحمٰن کے متبادل کے طور پر انہیں پیشکش کی۔ آئی پی ایل میں انہیں تقریباً 1 لاکھ 60 ہزار ڈالر ملنے تھے، جو پی ایس ایل معاہدے سے چار گنا زیادہ تھا۔ پی ایس ایل کے بیان میں کہا گیا کہ 'یہ پابندی لیگ کے پیشہ ورانہ ماحول کے تحفظ کے لیے ناگزیر اقدام ہے۔ پی ایس ایل اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ لیگ ایک ایسا پلیٹ فارم رہے جہاں معاہدوں کی پاسداری کی جائے اور کھلاڑیوں و ایجنٹس کے اقدامات ٹورنامنٹ کے وقار کے مطابق ہوں۔ دو سالہ پابندی خلاف ورزی کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔' مزربانی پر عائد پابندی اس سے قبل اسی نوعیت کے معاملے میں دی گئی سزا سے دگنی ہے، 2025 میں کاربن بوش کو ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب انہوں نے پشاور زلمی سے معاہدہ توڑ کر ممبئی انڈینز کے ساتھ بطور متبادل کھلاڑی معاہدہ کر لیا تھا، اور وہ اب بھی اسی ٹیم کا حصہ ہیں۔ مزربانی واحد کھلاڑی نہیں جنہوں نے پی ایس ایل سے معاہدہ کرنے کے بعد آئی پی ایل کا رخ کیا۔ سری لنکا کے ٹی20 کپتان داسن شناکا نے لاہور قلندرز کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، تاہم راجستھان رائلز نے سیم کرن کے متبادل کے طور پر انہیں سائن کر لیا۔ پی ایس ایل کے آغاز سے ایک دن قبل شناکا نے لیگ چھوڑنے کا اعلان کیا، جبکہ اس معاملے پر پی ایس ایل کی جانب سے تحقیقات کا عندیہ دیا گیا تھا، تاہم اب تک کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔ مزربانی نے اس سیزن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے لیے دو میچز کھیلے اور سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف چار وکٹیں حاصل کیں، تاہم 2 اپریل کے بعد انہیں مزید موقع نہیں ملا۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے اور وہ واحد ٹیم ہے جو اب تک کوئی میچ جیتنے میں ناکام رہی ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments