سندیش کھالی میں ملزم کو گرفتار کرنے پہنچی پولیس کو مزاحمت کا سامنا، اہلکار کے ہاتھ پر کاٹنے کا الزام! تین گرفتار
ملزم کو گرفتار کرنے پہنچی پولیس کو مظاہرین کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ الزام ہے کہ ایک پولیس اہلکار کے ہاتھ پر بھی کاٹ لیا گیا۔ اس واقعے میں پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ یہ واقعہ شمالی 24 پرگنہ کے سندیش کھالی میں پیش آیا ہے۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ پولیس نے ان پر ظلم و زیادتی کی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پولیس اہلکار کو کاٹنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
واقعے کی شروعات سندیش کھالی میں ترنمول کانگریس کے سابق بلاک صدر دلیپ ملک کے گھر میں آگ لگنے کے واقعے سے ہوئی۔ سندیش کھالی کے بو¿ٹھاکرانی علاقے میں بلاک نمبر 2 کے ترنمول صدر دلیپ ملک کے گھر میں آگ لگ گئی تھی۔ اسی واقعے کی تحقیقات کے لیے سندیش کھالی تھانے کی پولیس وہاں پہنچی تھی۔ الزام ہے کہ ایک ملزم کو گرفتار کرکے لے جاتے وقت پولیس کا راستہ روک دیا گیا۔ اسی دوران کچھ مقامی لوگوں نے مبینہ طور پر ملزم کو پولیس کی گرفت سے چھڑا لیا۔
مقامی لوگوں کے ایک طبقے کا الزام ہے کہ وہاں بی جے پی کی ایک میٹنگ چل رہی تھی۔ پولیس وہاں پہنچ کر ایک نوجوان کو بغیر کسی جرم کے گرفتار کرنے کی کوشش کرنے لگی۔ اسی وقت پولیس عام لوگوں کے ساتھ جارحانہ رویہ اختیار کرنے لگی۔ الزام ہے کہ وہاں کوئی خاتون پولیس اہلکار موجود نہیں تھی۔ پولیس نے خواتین پر بھی حملہ کیا اور ان کی ساڑیاں تک پھاڑ دی گئیں۔ تاہم پولیس ان الزامات کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اسی پر حملہ کیا گیا تھا۔ پولیس نے سنگین الزام عائد کیا ہے کہ فورس کے ایک اہلکار کے ہاتھ پر کاٹ لیا گیا۔
واقعے کے دوران ابتدا میں پولیس کو پیچھے ہٹنا پڑا تھا۔ بعد میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔ باقاعدہ کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کیا گیا۔ اس معاملے میں پاپیا منڈل، سواپن منڈل اور شنکر برمن نامی تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار افراد کو آج عدالت میں پیش کیا گیا۔
سندیش کھالی تھانے کی پولیس کا کہنا ہے کہ گاو¿ں کی خواتین نے پولیس کو روکنے کی کوشش کی تھی اور ایک خاتون نے پولیس اہلکار کے ہاتھ پر کاٹ لیا تھا۔ پولیس کے مطابق گاو¿ں کی کسی بھی خاتون کے ساتھ مارپیٹ نہیں کی گئی۔
سندیش کھالی میں ملزم کو گرفتار کرنے پہنچی پولیس کو مزاحمت کا سامنا، اہلکار کے ہاتھ پر کاٹنے کا الزام! تین گرفتار...
Source: Admin