ممتا بنرجی کے گھر کا راستہ روک کر کالی پوجا! ”ضرورت پڑی تو دوبارہ سپریم کورٹ میں لڑائی لڑوں گی:سابق چیف منسٹر
اس بار ممتا بنرجی (Mamata Banerjee) کے گھر میں ہونے والی کالی پوجا کو لے کر بھی تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ الزام ہے کہ کالی گھاٹ میں ان کے گھر کا راستہ روک کر جگہ جگہ نئی کالی پوجا منعقد کی جا رہی ہے، جبکہ ان کے گھر میں پوجا کے انتظامات میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ ہفتہ کی دوپہر ممتا کے گھر کے سامنے کافی کشیدہ ماحول پیدا ہوگیا۔ ممتا کا الزام ہے کہ کالی پوجا سے عین پہلے جان بوجھ کر علاقے میں کشیدگی پیدا کرنے کے لیے لوگوں کو اکسایا جا رہا ہے۔ میڈیا کے سامنے اس معاملے پر شکایت کرتے ہوئے انہوں نے مزید خبردار کیا، ”ضرورت پڑی تو میں دوبارہ سپریم کورٹ جاکر لڑائی لڑوں گی۔“
کشیدگی کا آغاز جمعہ کی نصف شب کالی گھاٹ میں ممتا کے گھر کے سامنے ابھیشیک بنرجی کی سالگرہ منانے کے دوران ہوا۔ اپنے پسندیدہ رہنما کو سالگرہ کی مبارک باد دینے کے لیے کئی حامی جمع ہوئے تھے۔ اسی وقت بی جے پی کے کچھ کارکن اور حامی کالی کی مورتی لینے جا رہے تھے۔ الزام ہے کہ انہوں نے ابھیشیک کے حامیوں کو نشانہ بناتے ہوئے نازیبا زبان استعمال کرنا شروع کر دی۔ اسی دوران دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی۔ ’چور‘ کے نعرے لگائے گئے اور ابھیشیک کے بینر اور کٹ آو¿ٹ بھی پھاڑ دیے گئے۔ دونوں فریقوں کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر متنازعہ افراد کو وہاں سے ہٹا دیا۔ تاہم ابھیشیک کے حامیوں کا الزام ہے کہ پولیس کی موجودگی میں ہی بی جے پی کارکنوں نے انہیں ہراساں کیا اور پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔
ہفتہ کی دوپہر ممتا بنرجی ابھیشیک کے گھر پہنچیں۔ اس وقت بھی وہاں ایک بار پھر کشیدگی پیدا ہوگئی۔ الزام ہے کہ بی جے پی کارکن بلاوجہ ماحول کو کشیدہ کر رہے ہیں۔ پورے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممتا نے الزام لگایا کہ کالی پوجا سے پہلے بی جے پی کے لوگ جان بوجھ کر ان کے گھر کے سامنے کشیدگی پیدا کر رہے ہیں۔ پرانے کلبوں کی پوجا میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، جبکہ راتوں رات نئی نئی پوجائیں شروع کی جا رہی ہیں۔ ان کے گھر کا داخلی راستہ تقریباً بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے سخت لہجے میں خبردار کرتے ہوئے کہا، ”اگر یہ سب جاری رہا تو میں دوبارہ سپریم کورٹ جاکر قانونی لڑائی لڑوں گی۔“
ممتا بنرجی کے گھر کا راستہ روک کر کالی پوجا! ”ضرورت پڑی تو دوبارہ سپریم کورٹ میں لڑائی لڑوں گی:سابق چیف منسٹر...
Source: Admin