Sports

پہلا ٹی20: پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی

پہلا ٹی20: پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی

تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی ہے۔ جمعرات کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بنا سکی۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی اننگز پاکستان کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز میتھیو شارٹ اور کپتان ٹریوس ہیڈ نے کیا، تاہم اوپننگ جوڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکی۔ آسٹریلیا کو پہلا نقصان میتھیو شارٹ کی صورت میں ہوا جو پانچ رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ٹریوس ہیڈ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 13 گیندوں پر 23 رنز سکور کیے، تاہم وہ بھی صائم ایوب کا شکار بنے۔ اس کے بعد کیمرون گرین نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 36 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، وہ محمد نواز کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ میٹ رینشا نے 15 رنز بنائے لیکن آغا سلمان اور عثمان خان کی مشترکہ کوشش سے رن آؤٹ ہو گئے، جبکہ کوپر کونولی بغیر کوئی رن بنائے ابرار احمد کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ مچل اوون آٹھ رنز بنا کر محمد نواز کے ذریعے رن آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر جوش فلپ 12 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ جیک ایڈورڈز پانچ رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔ آخری اوورز میں زیویئر بارٹلیٹ نے مزاحمت کرتے ہوئے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 34 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، جبکہ ایڈم زمپا پانچ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور ابرار احمد نے دو، دو جبکہ محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا تو صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا اور اسے پہلا نقصان صاحبزادہ فرحان کی صورت میں ہوا، وہ بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 40 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد کپتان سلمان علی آغا 39، بابر اعظم 24، فخر زمان 10 اور وکٹ کیپر عثمان خان 18، شاداب خان ایک، شاہین شاہ آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نواز 15 اور سلمان مرزا چار رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے چار جبکہ زیویئر بارٹلیٹ اور ماہلی بیئرڈمین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

Source: Social Media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments