Sports

پہلا ون ڈے: بنگلہ دیش نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی

پہلا ون ڈے: بنگلہ دیش نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی

تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ بدھ کو ڈھاکہ کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں پاکستان کے 114 رنز کا ہدف بنگلہ دیش نے 16ویں اوور کی پہلی گیند پر دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم 30 اوورز میں 114 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا، سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا انتخاب کیا تھا۔ پاکستان کے 115 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے جارحانہ انداز اپنایا اور ابتدا سے ہی پاکستانی بولرز پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ اننگز کا آغاز سیف حسن اور تنزید حسن نے کیا۔ تاہم سیف حسن زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 10 گیندوں پر چار رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر شامل حسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد نجم الحسن شانتو کریز پر آئے اور انہوں نے تنزید حسن کے ساتھ مل کر ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنائی۔ نجم الحسن شانتو نے 33 گیندوں پر 27 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے شامل تھے، تاہم وہ محمد وسیم کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دوسری جانب تنزید حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی بولرز کے خلاف جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 42 گیندوں پر ناقابل شکست 67 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں سات چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ آخر میں لٹن داس نے بھی ان کا ساتھ دیا اور تین رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف باآسانی حاصل کرلیا اور میچ اپنے نام کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان بیٹنگ کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور ان کے سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔ اننگز کا آغاز ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے کیا۔ دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز میں کھیلنے کی کوشش کی تاہم ٹیم کو مضبوط آغاز نہ مل سکا۔ اپنا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے صاحبزادہ فرحان نے 38 گیندوں پر 27 رنز بنائے جس میں چار چوکے شامل تھے، انہیں ناہید رانا نے عفیف حسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ معاذ صداقت بھی 28 گیندوں پر 18 رنز ہی بنا سکے، ان کی اننگز میں تین چوکے شامل تھے اور وہ بھی ناہید رانا کی گیند پر سیف حسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ اس وقت گری جب ڈیبیو کرنے والے بلے باز شامل حسین صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ وہ بھی ناہید رانا کی گیند پر لٹن داس کو کیچ تھما کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد محمد رضوان بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 20 گیندوں پر 10 رنز بنانے کے بعد ناہید رانا کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن پر دباؤ برقرار رہا اور سلمان آغا بھی صرف پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں بھی ناہید رانا نے تنزید حسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد حسین طلعت 13 گیندوں پر چار رنز بنانے کے بعد مہدی حسن مرزا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ مزید مشکلات اس وقت بڑھ گئیں جب عبدالصمد بغیر کوئی رن بنائے مہدی حسن مرزا کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ مشکل صورتحال میں فہیم اشرف نے مزاحمت کی اور 47 گیندوں پر 37 رنز کی اہم اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ تاہم وہ مستفیض الرحمٰن کی گیند پر تسکین احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے چار گیندوں پر چار رنز بنائے لیکن وہ بھی مہدی حسن مرزا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس کے بعد محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے تسکین احمد کی گیند پر نجم الحسن شانتو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، جبکہ ابرار احمد 10 گیندیں کھیلنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ناہید رانا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ اہم وکٹیں حاصل کیں اور پاکستانی بیٹنگ لائن کو ابتدا ہی میں مشکلات سے دوچار کیا، جبکہ مہدی حسن مرزا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ مستفیض الرحمٰن اور تسکین احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت اور شامل حسین نے اس میچ سے اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کیا ہے۔ سیریز کا دوسرا اور تیسرا میچ باِلترتیب 13 اور 15 مارچ کو ڈھاکہ میں ہی کھیلے جائیں گے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments