International

مراکشی طالبہ کا "چاند پر دال اُگانے" کا خواب،ناسا بھی حیران

مراکشی طالبہ کا "چاند پر دال اُگانے" کا خواب،ناسا بھی حیران

مراکش کی 15 سالہ طالبہ حوریہ باالشیخ نے خلا میں دال اُگانے کے اپنے سائنسی منصوبے سے امریکی خلائی ادارے ’ناسا‘ کے ماہرین کو حیران کر دیا ہے۔ یہ کم عمر طالبہ اپنے والد کے شوقِ فلکیات سے متاثر ہو کر خلا کی کھوج میں مصروف ہے۔ حوریہ کے والد ایک تجربہ کار شہابی پتھروں کے ماہر ہیں، جو مراکش کے جنوبی صحراؤں میں ان نایاب پتھروں کی تلاش کرتے ہیں۔ سات سال کی عمر میں پہلی بار والد کے ساتھ صحرا کی سیر نے ننھی حوریہ کے دل میں فلک بوس دنیا کی جستجو جگا دی۔ وقت کے ساتھ یہ شوق تحقیق میں بدل گیا۔ حوریہ نے آسمان کو دیکھنا صرف شوق نہیں، بلکہ ایک سائنسی مطالعہ بنا لیا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ اور الحدث ڈاٹ نیٹ سے گفتگو میں حوریہ اور ان کے والد نے بتایا کہ ان کا مقصد خلا میں طویل عرصے تک موجود خلا نوردوں کے لیے خوراک، اور آکسیجن کی فراہمی کے نئے طریقے دریافت کرنا ہے۔ حوریہ نے تصور کیا کہ اگر چاند یا مریخ پر سبزہ اُگایا جا سکے تو خلا میں زندگی ممکن ہو سکتی ہے۔ حوریہ نے بتایاکہ "میرا منصوبہ دال اور میتھی کو خلا کی موسمی سختیوں یعنی کم نمی، زیادہ حرارت اور پانی کی کمی کے ماحول میں اُگانے کی صلاحیت بڑھانے سے متعلق ہے۔ میں نے یہ دونوں پودے خالص سائنسی بنیاد پر چنے اور اس تحقیق میں والد نے بھرپور تعاون کیا"۔ ان کے والد کا کہنا ہے کہ تجربات کے دوران یہ نتیجہ سامنے آیا کہ دال اور میتھی دونوں خلا جیسے ماحول میں تیزی سے نشوونما پا سکتے ہیں، جس سے یہ دونوں خلا میں زراعت کے لیے موزوں ترین ہیں۔ مراکش کے شہر ’سمارا‘ سے تعلق رکھنے والی حوریہ نے ایک بڑی عرب سائنسی مقابلے میں 20 ممالک کے 80 ہزار امیدواروں میں سے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ اس کامیابی کے نتیجے میں اس کا "پودا اُگانے" کا تجربہ خلا میں بھیجا گیا جو AXIOM MISSION AX4 کے تحت سعودی عرب کے ایک خلائی مرکز سے روانہ ہوا۔ والد کے بہ قول "یہ تجربہ کئی مراحل سے گزرا اور آخر میں صرف دس شرکاء نے مختلف زمروں میں کامیابی حاصل کی جن میں حوریہ نے ’نباتاتی علوم‘ کی کیٹیگری میں نمایاں مقام حاصل کیا"۔ حوریہ باالشیخ کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی محض آغاز ہے۔ وہ مستقبل میں پہلی مراکشی خاتون خلا نورد بننے کا خواب رکھتی ہیں۔ حوریہ نے گفتگو کے اختتام پر پُرعزم لہجے میں کہا کہ"میں چاہتی ہوں کہ خلا میں قدم رکھنے والی پہلی مراکشی بنوں۔ ستاروں کو چھونا میرا خواب ہےاور میں ایک دن اسے حقیقت بنا کر دکھاؤں گی"۔

Source: Social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments