Sports

مچل کے پنجوں نے حیدرآباد کو سات وکٹوں سے شکست دی

مچل کے پنجوں نے حیدرآباد کو سات وکٹوں سے شکست دی

وشاکھاپٹنم، 30 مارچ: مچل اسٹارک (پانچ وکٹ) اور کلدیپ یادو (تین وکٹ) کی شاندار گیندبازی کے بعد فاف ڈو پلیسس (50)، جیک فریزر-میک گرک (38) اور ابھیشیک پورل (ناٹ آؤٹ 34) کی شاندار اننگ کی بدولت دہلی کیپیٹلس نے اتوار کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے 10ویں میچ میں سن رائزرش حیدرآباد کو 24 گیندیں باقی رہتے سات وکٹ سے ہرادیا۔ یہ دہلی کی مسلسل دوسری جیت ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے مقام پر برقرار ہے۔ حیدرآباد کے 163 کے جواب میں بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنرز جیک فریزر میک گرک اور فاف ڈو پلیسس نے مضبوط آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 81 رنز بنائے۔ 10ویں اوور میں ذیشان انصاری نے پہلے فاف ڈو پلیسس اور پھر اسی اوور میں جیک فریزر میک گرک کو آؤٹ کر کے جیت کی طرف بڑھ رہی دہلی کو دوہرا جھٹکا دیا۔ فاف ڈو پلیسس نے 27 گیندوں میں تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے نصف سنچری (50) اسکور کی۔ جبکہ جیک فریزر میک گرک نے 32 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔ دہلی نے اپنا تیسرا وکٹ 12ویں اوور میں کے ایل راہل (15) کی شکل میں کھو دیا۔ انہیں ذیشان انصاری نے بولڈ آؤٹ کیا۔ بعد ازاں ٹرسٹن اسٹبس اور ابھیشیک پورل نے دھماکہ خیز بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16ویں اوور میں 166 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو سات وکٹوں سے فتح دلائی۔ ابھیشیک پورل نے 18 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 34 رنز بنائے۔ انہوں نے 16ویں اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ٹرسٹن اسٹبس (21) نے 14 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے۔ سن رائزرس حیدرآباد کی جانب سے ذیشان انصاری نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے پہلے آج سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ حیدرآباد نے بلے بازی کے دوران بہت خراب شروعات کی اور صرف 37 رنز پر چار وکٹ گنوا دیے۔ ابھیشیک شرما (1) پہلے ہی اوور میں رن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ایشان کشن (2) بلے بازی کے لیے آئے اور تیسرے اوور میں مچل اسٹارک کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ اسی اوور میں انہوں نے نتیش کمار ریڈی (0) کو بھی آؤٹ کر کے دہلی کو تیسری کامیابی دلائی۔ پانچویں اوور میں ٹریوس ہیڈ (22) بھی 12 گیندوں پر اسٹارک کا شکار بنے۔ اس کے بعد انیکیت ورما اور ہینرک کلاسن نے اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 77 رنز کی شراکت ہوئی۔ موہت شرما نے 11ویں اوور میں ہینرک کلاسن کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ کلاسن نے 19 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے (32) رنز بنائے۔ ابھینو منوہر (چار) اور پیٹ کمنز (دو) کو کلدیپ یادو نے آؤٹ کیا۔ میچ میں شاندار بلے بازی کرنے والے انیکیت ورما کو 16 ویں اوور میں کلدیپ نے آؤٹ کر دیا، اس طرح حیدرآباد کا بڑا اسکور پوسٹ کرنے کا منصوبہ برباد ہوگیا۔ انیکیت ورما نے 41 گیندوں میں پانچ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے (74) رنز بنائے۔ مچل اسٹارک، جو اپنا آخری اوور کرنے آئے تھے، نے پہلے ہرشل پٹیل (پانچ) اور پھر ویان مولڈر (نو) کو آؤٹ کرکے حیدرآباد کی اننگز 18.4 اوور میں 163 پر سمیٹ دی۔ دہلی کیپٹلس کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3.5 اوور میں 35 رن دے کر پانچ وکٹ اور کلدیپ یادو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ موہت شرما نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

Source: uni news

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments