ایران نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ 10 سالہ تاریخی معاہدہ ختم ہونے کے بعد وہ اب اپنے جوہری پروگرام پر پابندیوں کے ضابطے سے باہر ہے تاہم اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ تہران ’سفارت کاری پر یقین‘ رکھتا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنہ 2015 کے معاہدے پر ایران، چین، برطانیہ، فرانس، جرمنی، روس اور امریکہ نے ویانا میں دستخط کیے تھے۔ معاہدے کے تحت جوہری پروگرام پر پابندیوں کے بدلے میں عالمی طاقتوں نے ایران پر سے بین الاقوامی پابندیاں اٹھا لی تھیں۔ یہ معاہدہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں واشنگٹن کے یکطرفہ طور پر دستبردار ہونے کے بعد غیرمؤثر ہو گیا تھا، اور بعد ازاں ایران اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ گیا تھا۔ اس معاہدے پر دستخط کرنے والے تین یورپی ملکوں کی جانب سے قرارداد پیش کرنے کے بعد ایران پر گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ سے مؤثر ہو گئی تھیں۔ ایران کی وزارت خارجہ نے معاہدے کی میعاد ختم ہونے کے دن ایک بیان میں کہا کہ اب سے ’ایرانی جوہری پروگرام پر پابندیوں اور متعلقہ میکانزم سمیت معاہدے کی تمام شقوں کو ختم سمجھا جاتا ہے۔‘ بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ایران سفارت کاری کے لیے اپنے عزم کا پختہ اظہار کرتا ہے۔‘ مغربی طاقتیں طویل عرصے سے ایران پر خفیہ طور پر جوہری ہتھیار بنانے کا الزام لگاتی رہی ہیں۔ تہران ان الزامات کی بار بار تردید کرتا رہا ہے، اور اس بات پر اصرار کرتا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف توانائی کی پیداوار جیسے شہری مقاصد کے لیے ہے۔ اس معاہدے کے ’ختم ہونے کا دن‘ 18 اکتوبر 2025 مقرر کیا گیا تھا، اُس دن کے ٹھیک 10 سال بعد جب اس معاہدے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 میں شامل کیا گیا تھا۔ اس معاہدے نے پابندیوں میں نرمی کے بدلے ایران کی یورینیم کی افزودگی کو 3.67 فیصد تک محدود کر دیا تھا اور اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے نگراں ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ذریعے اس کی جوہری سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کا انتظام کیا گیا تھا۔
Source: social media
آج شب چاند عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا
امریکی صدر ٹرمپ کا چینی صدر کو طنز بھرا پیغام
افغانستان میں زلزلے سے سینکڑوں افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے: طالبان حکومت
افغانستان میں زلزلے سے 800 سے زیادہ افراد ہلاک، ہزاروں زخمی
نیپال میں پولیس کی فائرنگ سے 20 مظاہرین ہلاک، 350 زخمی، وزیر داخلہ مستعفی
گوگل کا اسرائیلی پروپیگنڈا کو فروغ دینے کیلیے کروڑوں ڈالر کا معاہدہ
نیپال میں پولیس کی فائرنگ سے 20 مظاہرین ہلاک، 350 زخمی، وزیر داخلہ مستعفی
گوگل کا اسرائیلی پروپیگنڈا کو فروغ دینے کیلیے کروڑوں ڈالر کا معاہدہ
غزہ امن معاہدے پر امریکا، قطر، ترکیہ اور مصر نے دستخط کر دیے
سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد امریکا نے پھر ویٹو کردی