بنگلورو، 03 جون: کرناٹک ہائی کورٹ نے اداکار کمل ہاسن کو ان کے حالیہ متنازع بیان (کہ کنڑ زبان تمل سے نکلی ہے) پر سخت پھٹکار لگائی اور کہا کہ اس بیان سے کنڑ عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ عدالت نے کمل ہاسن سے پوچھا کہ کیا وہ مورخ یا ماہر لسانیات ہیں جو ایسا دعویٰ کر رہے ہیں۔ جسٹس ایم ناگ پرسنّا نے کمل ہاسن کی آئندہ تمل فلم ’ٹھگ لائف‘ کے شریک پروڈیوسر راجکمل فلمز انٹرنیشنل کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کے بیان سے ریاست میں نفرت پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کمل ہاسن معافی مانگ لیں تو معاملہ حل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’کسی بھی شہری کو جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا حق نہیں ہے۔ جل (پانی)، نیلا (زمین)، باشے (زبان) یہ تین چیزیں کسی بھی شہری کے لیے اہم ہیں۔ زبان لوگوں کی خاص شناخت سے جڑی ہوتی ہے۔ آپ نے اس کو کمزور کرنے کے لیے کچھ کہا ہے۔‘‘ عدالت نے کمل ہاسن کے بیان کی بنیاد پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا: ’’کوئی زبان دوسری زبان سے پیدا نہیں ہوتی۔ مواد کہاں ہے؟ کیا ہوا ہے؟ نفرت۔ اور کرناٹک نے کیا مانگا ہے؟ صورتحال کمل ہاسن نے خود پیدا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ معافی نہیں مانگیں گے؟‘‘ عدالت فلم کی اسکریننگ کے حوالے سے راجکمل فلمز انٹرنیشنل کی درخواست پر سماعت کر رہی تھی، جس میں کرناٹک میں فلم کی محفوظ نمائش کے لیے ہدایات دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ یہ درخواست اس وقت دائر کی گئی تھی جب کے ایف سی سی نے چنئی میں فلم کی تشہیر کے دوران ہاسن کے بیان کے بعد فلم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ درخواست گزار نے دلیل دی کہ اداکار کے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے اور اسے سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا ہے۔ کمل ہاسن نے دراصل کنڑ اداکار شیو راجکمار کے حوالے سے دوستانہ انداز میں یہ بات کہی تھی۔ پروڈکشن ہاؤس کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل دھیان چنپا نے کہا کہ کمل ہاسن نے ہمیشہ کنڑ زبان کی تعریف کی ہے اور ان کے بیان کا مقصد اس کی توہین نہیں تھا۔ تاہم عدالت اس دلیل سے متفق نہیں ہوئی اور کہا: ’’اب آپ تجارتی مفاد کے لیے یہاں ہیں، اس لیے پولیس کو آپ کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں سکیورٹی فراہم کرنی پڑے گی۔ ایک معافی سے سب کچھ حل ہو سکتا ہے۔‘‘ عدالت نے کہا کہ وہ درخواست کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے گی، لیکن ساتھ ہی کمل ہاسن سے اپنی پوزیشن پر غور کرنے کو بھی کہا۔
Source: uni urdu news service
لندن: ماہرہ خان کو نئی فلم کے پروموشنل ایونٹ پر ہراسانی کا سامنا
مشہور اداکار ارشد وارثی اور ان کی بیوی کے خلاف سیبی کی بڑی کارروائی، 5 سال تک شیئر بازار میں ممنوع قرار
ممتاز پاپ سٹار دعا لیپا بھی اسرائیل کواسلحہ روکنےکا مطالبہ کرنےوالی نمایاں شخصیات میں شامل
کولمبیئن گلوکارہ شکیرا پرفارمنس کے دوران اسٹیج پر گر گئیں
اے پی جے عبد الکلام کی بائیوپک کا اعلان، دھنُش نبھائیں گے ’میزائل مین کا کردار‘
سلمان خان کے گھر میں گھسنے کی کوشش، ایک خاتون سمیت دو افراد پولیس حراست میں