مارک وین مولن کا کہنا تھا کہ امریکا کسی بھی ممکنہ ایرانی خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق موساد کی جانب سے ممکنہ خطرات سے متعلق معلومات فراہم کیے جانے سے پہلے بھی امریکی حکام ان خدشات سے آگاہ تھے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے صدر ٹرمپ کو لاحق ممکنہ خطرات سے متعلق معلومات امریکا کے ساتھ شیئر کی تھیں۔ ان اطلاعات میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ ممکنہ طور پر بارودی ڈرونز کے ذریعے حملہ کیا جا سکتا ہے۔
فاکس نیوز کے مطابق ڈی ایچ ایس کے سربراہ مارک وین مولن نے خبردار کیا کہ ڈرونز کے ذریعے ممکنہ حملوں کے خدشات کے پیش نظر امریکی حکام کو روزانہ خطرات سے متعلق خفیہ معلومات موصول ہوتی ہیں۔
پروگرام ’’دی سنڈے بریفنگ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’’صدر کو دی جانے والی بریفنگز میں ہمیں ہر روز ایران کی جانب سے ممکنہ خطرات سے متعلق اطلاعات ملتی ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ صدر ٹرمپ اور ان کا خاندان خطرات کا سب سے بڑا ہدف ہیں۔‘‘
ان کا یہ بیان ان اطلاعات کے تناظر میں سامنے آیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسرائیلی انٹیلی جنس نے ایران کی جانب سے بارودی مواد سے لیس ڈرونز کے ذریعے صدر ٹرمپ کو نشانہ بنانے کی ممکنہ سازش کا پتا لگایا ہے۔ مارک وین مولن نے اس مخصوص رپورٹ کی تصدیق نہیں کی، تاہم کہا کہ امریکی حکام مختلف خطرات سے آگاہ ہیں۔
ہوم لینڈ سیکیورٹی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ڈرون ٹیکنالوجی میں تیزی سے جدت، جنوبی سرحد پر منشیات اسمگل کرنے والے گروہوں کی سرگرمیوں اور بڑے عوامی اجتماعات میں سیکیورٹی کے خدشات کے باعث ان خطرات سے نمٹنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق میکسیکن منشیات گروہ امریکی سرحد پر نگرانی کے لیے ڈرونز استعمال کر رہے ہیں، امریکی فوج نے 30 روز میں سرحد پر ڈرونز کی 378 غیر مجاز پروازیں پکڑیں، فیفا ورلڈ کپ کے دوران 2 ہزار سے زائد ڈرونز کی نشان دہی کی گئی تھی اور 700 قبضے میں لے لیے گئے تھے۔
امریکی سیکریٹری کے مطابق ڈرون حملوں کا خطرہ بڑے اجتماعات سے لے کر کھیلوں کے مقابلوں تک پھیل چکا ہے، جب کہ ڈرونز کو مار گرانے کی امریکی دفاعی صلاحیت میں خامیاں موجود ہیں، ان خطرات سے نمٹنے کے لیے امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی میں خصوصی شعبہ بھی قائم کیا گیا ہے۔
واشنگٹن: امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی سیکریٹری مارک وین مولن نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کا خاندان بدستور ایران کے اہم ترین ممکنہ اہداف میں شامل ہیں، جب کہ امریکی حکام ایر...