Sports

فیفا 2026: صرف ڈیڑھ لاکھ آبادی والا ملک جو پہلی بار ورلڈ کپ میں پہنچ گیا

فیفا 2026: صرف ڈیڑھ لاکھ آبادی والا ملک جو پہلی بار ورلڈ کپ میں پہنچ گیا

ورلڈ کپ 2026 میں جہاں ارجنٹینا، برازیل، جرمنی اور فرانس جیسی روایتی طاقتیں میدان میں ہوں گی، وہیں کیریبین جزیرے پر مشتمل چھوٹے سے ملک کیوراساؤ نے پہلی مرتبہ عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ اس کی آبادی تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار ہے اور اس طرح یہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں فائنل مرحلے تک پہنچنے والا سب سے چھوٹا ملک بن گیا ہے۔ سکائی سپورٹس کے مطابق کیوراساؤ نے نومبر 2025 میں جمیکا کے خلاف بغیر گول کے برابر رہ کر پہلی بار عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔ اس میچ میں اسے صرف ایک پوائنٹ درکار تھا اور ڈرا نے اسے تاریخی کامیابی دلا دی۔ کیوراساؤ جنوبی کیریبین میں وینزویلا کے ساحل سے تقریباً 40 میل شمال میں واقع ایک جزیرہ نما ملک ہے جو 2010 سے نیدرلینڈز کی بادشاہت کا خودمختار حصہ ہے۔ یہاں ڈچ، انگریزی اور پاپیامینٹو زبانیں بولی جاتی ہیں۔ فٹبال کے میدان میں کیوراساؤ نسبتاً نئی ٹیم ہے۔ نیدرلینڈز اینٹیلیز کے خاتمے کے بعد 2011 میں اس نے اپنی قومی ٹیم کے طور پر بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت شروع کی۔ اس کا پہلا میچ ڈومینیکن ریپبلک کے خلاف تھا جبکہ پہلی فتح امریکی ورجن آئی لینڈز کے خلاف حاصل ہوئی۔ کیوراساؤ کی ٹیم کو ’بلو ویو‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ فیفا کی تازہ عالمی رینکنگ میں یہ 83ویں نمبر پر ہے اور ورلڈ کپ 2026 میں شریک ٹیموں میں نیوزی لینڈ کے بعد دوسری کم رینکنگ والی ٹیم ہے۔ ٹیم کے کوچ معروف ڈچ فٹبالر اور کوچ ڈک ایڈووکاٹ ہیں، جو نیدرلینڈز کی قومی ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔ اسکائی سپورٹس کے مطابق وہ ورلڈ کپ کی تاریخ کے معمر ترین کوچ بھی بن جائیں گے۔ کوالیفائنگ مرحلے میں کیوراساؤ نے بارباڈوس، اروبا، سینٹ لوشیا اور ہیٹی کو شکست دی۔ بعد ازاں اس نے ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو، برمودا اور جمیکا کے خلاف بھی اچھے نتائج حاصل کیے اور پورے کوالیفائنگ مرحلے میں ناقابلِ شکست رہا۔ ٹیم کے کئی کھلاڑی یورپی فٹبال سے وابستہ ہیں۔ کپتان لیاندرو باکونا اور ان کے بھائی جونینو باکونا کے علاوہ تہیت چونگ، یورگن لوکاڈیا اور آر جانی مارتھا جیسے کھلاڑی بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ موجودہ سکواڈ کے 16 کھلاڑی نیدرلینڈز کی مختلف عمر کی ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کیوراساؤ کو گروپ ای میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ جرمنی، ایکواڈور اور آئیوری کوسٹ سے ہوگا۔ گروپ میں اسے سخت چیلنج درپیش ہوگا، تاہم پہلی بار عالمی کپ تک رسائی ہی اس چھوٹے کیریبین ملک کے لیے ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments