Sports

فن ایلن کی تیز ترین سینچری، جنوبی افریقہ کو شکست دے کر نیوزی لینڈ ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں

فن ایلن کی تیز ترین سینچری، جنوبی افریقہ کو شکست دے کر نیوزی لینڈ ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں

ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو نو وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ بدھ کو کلکتہ کے ایڈن گارڈنز میں جنوبی افریقہ کے 170 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 13ویں اوور کی آخری گیند پر صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے صرف 33 گیندوں پر سینچری سکور کی اور ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے تیز ترین سینچری سکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تھے۔ جنوبی افریقہ کے 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا۔ اوپنر ٹم سیفرٹ نے ابتدا ہی سے جنوبی افریقہ کے بولرز پر دباؤ ڈالے رکھا اور 33 گیندوں پر 58 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ وہ کگیسو ربادا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ دوسری جانب فن ایلن نے شاندار اور یادگار اننگز کھیلتے ہوئے محض 33 گیندوں پر ناقابلِ شکست 100 رنز سکور کیے۔ ان کی اننگز میں دس چوکے اور آٹھ فلک شگاف چھکے شامل تھے، جبکہ ان کا سٹرائیک ریٹ 303 سے زائد رہا۔ انہوں نے میدان کے چاروں اطراف دلکش شاٹس کھیل کر میچ کا پانسہ یکسر پلٹ دیا۔ ون ڈاؤن آنے والے رچن رویندرا نے بھی 11 گیندوں پر 13 رنز بنا کر ایلن کا بھرپور ساتھ دیا اور ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف باآسانی حاصل کرتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا اور حریف ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی۔ نیوزی لینڈ کی دعوت پر جنوبی افریقہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کپتان ایڈن مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک کریز پر آئے، تاہم آغاز توقعات کے مطابق نہ رہا۔ مارکرم 20 گیندوں پر 18 رنز بنا کر رویندرا کا شکار بنے، جبکہ ڈی کوک صرف 10 رنز بنا سکے اور مکونچی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ابتدائی جھٹکوں کے بعد ریان ریکلٹن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جس سے پروٹیز ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی۔ اس موقع پر ڈیوالڈ بریوس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 34 رنز بنائے، جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ تاہم وہ بھی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور نیشم کا نشانہ بن گئے۔ تجربہ کار بیٹر ڈیوڈ ملر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور چھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جبکہ ٹرستان سٹبس نے 24 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیل کر سکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن فرگوسن نے انہیں بولڈ کر دیا۔ مشکل وقت میں آل راؤنڈر مارکو یانسن نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 55 رنز سکور کیے، ان کی اننگز میں دو چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ انہوں نے آخر تک ڈٹے رہ کر ٹیم کا مجموعہ بہتر کیا۔ آخری اوورز میں کوربن بوش دو رنز بنا کر ہینری کا شکار بنے جبکہ کگیسو ربادا کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments