کولکاتا، 31 اکتوبر :مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع بنکشال عدالت نے ہفتہ کو چورباگان درگا پوجا پنڈال میں بھگدڑ کے واقعے کے سلسلے میں گرفتار کیے گئے تمام 9 ملزمین کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ اس افسوسناک حادثے میں 19 افراد کی موت ہو گئی تھی۔
عدالت نے گرفتار کیے گئے 8 ملزمین کو 13 نومبر تک عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے ، جبکہ ایک دیگر ملزم کی عدالتی حراست میں 6 نومبر تک توسیع کر دی گئی ہے ۔ ان تمام افراد کو حفاظتی انتظامات میں کوتاہی، بھیڑ کو قابو کرنے میں ناکامی اور فرائض کی انجام دہی میں لاپروائی کے الزامات کے تحت 17 اکتوبر کو پیش آئے حادثے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ پوجا کمیٹی نے بھیڑ کے انتظام کے لیے ایک نجی سکیورٹی ایجنسی کے ساتھ 5 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا تھا، جس کے دستاویزات تفتیش کاروں کے پاس موجود ہیں۔ اس کے علاوہ پنڈال میں کیے گئے اعلانات سے عقیدت مندوں میں خوف و ہراس پھیلنے اور ایک ساتھ باہر نکلنے کی کوشش میں بھگدڑ مچنے سے صورت حال مزید خراب ہونے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے ۔
دوسری جانب ملزمین کے وکیلوں نے دلیل دی کہ صرف ان کے م¶کلوں کو اس واقعے کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ انہوں نے اس سانحے میں پوجا سے وابستہ فنکاروں اور پولیس کے رول کی بھی جانچ کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس دوران واقعے کی تحقیقات کر رہی خصوصی تحقیقاتی کمیٹی نے پورے معاملے کی تفصیلات جاننے کے لیے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (وسطی) پروین پرکاش اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس (مشرقی) ارندم سرکار سمیت 16 افراد کو رائٹرس بلڈنگز میں طلب کیا ہے ۔ کمیٹی اس بات کی تفصیلی جانچ کر رہی ہے کہ حفاظتی انتظامات میں کہاں کوتاہی ہوئی اور بھیڑ کے انتظام کی ذمہ داری کس کی تھی۔
کولکاتا، 31 اکتوبر :مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع بنکشال عدالت نے ہفتہ کو چورباگان درگا پوجا پنڈال میں بھگدڑ کے واقعے کے سلسلے میں گرفتار کیے گئے تمام 9 ملزمین کی ضمان...
Source: Admin