فی الحال فالتا کے ’پشپا‘ کے گھر کو توڑنے پر روک، کلکتہ ہائی کورٹ نے کیا کہا؟
فالتا کے ترنمول رہنما جہانگیر خان کے گھر کو منہدم کرنے کے فیصلے پر کلکتہ ہائی کورٹ نے عبوری روک لگا دی ہے۔ گھر توڑنے کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے جہانگیر نے عدالت میں عرضی دائر کی تھی۔ جمعہ کو اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس ش±بھرا گھوش نے بتایا کہ اگلی سماعت پیر کو ہوگی۔ اس لیے فی الحال پیر تک گھر کو منہدم کرنے کی کارروائی نہیں کی جا سکے گی۔
جمعہ کو جسٹس نے ریاستی حکومت سے سوال کیا، ”عرضی گزار جہانگیر اس وقت جیل میں ہیں۔ پھر انتظامیہ نے کس طرح یہ طے کیا کہ یہ مکان جہانگیر کا ہے؟ گھر توڑنے سے پہلے کیا کوئی نوٹس دیا گیا تھا؟“
ریاستی حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ مقامی دو افراد نے اس مکان کی شناخت کی تھی۔ پہلے ڈاک کے ذریعے نوٹس بھیجا گیا اور بعد میں اسے مکان کی دیوار پر چسپاں کر دیا گیا۔
تاہم جہانگیر کے وکیل کشور دتہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے موکل نے اس مکان کا ذکر ضرور کیا تھا، لیکن وہ وہاں نہیں بلکہ کسی دوسرے مکان میں رہتے تھے۔
سابقہ ترنمول حکومت کے دور میں فالتا اور ڈائمنڈ ہاربر کے علاقے میں ابھیشیک بنرجی کے قریبی ساتھی جہانگیر خان کا خاصا اثر و رسوخ تھا۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی نے انہیں امیدوار بنایا تھا۔ لیکن کئی بے ضابطگیاں سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے فالتا اسمبلی حلقے کا انتخاب منسوخ کر دیا تھا اور دوبارہ انتخاب کی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ دوبارہ انتخاب سے پہلے ہی جہانگیر نے انتخابی میدان چھوڑ دیا تھا۔ نڈّا کے قافلے پر حملے اور انتخابات کے بعد ہونے والے تشدد سمیت کئی الزامات کے سلسلے میں انہیں نیپال سرحد سے گرفتار کیا گیا تھا۔
الزام ہے کہ ابھیشیک بنرجی کے قریبی ساتھی اس رہنما نے سرکاری زمین پر قبضہ کرکے یہ مکان تعمیر کیا تھا۔ اس کے بعد انتظامیہ نے نوٹس جاری کرکے جہانگیر کو واضح طور پر بتایا تھا کہ سات دن کے اندر مکان منہدم کرنا ہوگا۔الزام ہے کہ مقررہ مدت گزرنے کے باوجود مکان نہیں توڑا گیا۔ اس کے بعد انتظامیہ نے بلڈوزر کارروائی شروع کر دی۔ اسی کارروائی کے خلاف جہانگیر نے کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
فی الحال فالتا کے ’پشپا‘ کے گھر کو توڑنے پر روک، کلکتہ ہائی کورٹ نے کیا کہا؟...
Source: Admin