نئی دہلی، یکم اکتوبر: سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز سابق وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والے ترنمول کانگریس دھڑے کے چار بینک کھاتوں کو منجمد کیے جانے کے خلاف کوئی بھی راحت دینے سے انکار کر دیا۔ اعلیٰ عدالت نے راحت دینے کے بجائے کلکتہ ہائی کورٹ کو اپنے سامنے التوا میں پڑے اس معاملے کی سماعت میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے ۔
جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پی بی ورالے پر مشتمل بنچ نے معاملے کی اہلیت اور بنیادی حقائق پر غور کرنے سے گریز کیا۔ بنچ نے تبصرہ کیا کہ الیکشن کمیشن نے ایک عبوری حکم کے ذریعے پارٹی کے نام اور نشان کو منجمد کر دیا ہے ، اور اس بات پر بڑا تنازع ابھی بھی غیر حل شدہ ہے کہ پارٹی کا کون سا دھڑا پارٹی کے نام اور نشان کا حقدار ہوگا اور کھاتوں کے فنڈز کا استعمال کر سکے گا۔
سپریم کورٹ نے آئین کی دفعہ 136 کے تحت اپنے اختیارِ سماعت کا استعمال کرنے سے انکار کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے معاملے کو جلد نمٹانے کی درخواست کی۔
اس سے پہلے 11 اگست کو سپریم کورٹ نے کلکتہ ہائی کورٹ کے ذریعے کیے گئے اس عبوری انتظام میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے تحت پارٹی کے روزمرہ کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے کچھ کھاتوں کے آپریشن کی اجازت دی گئی تھی۔ موجودہ اپیل انڈین بینک کے ان چار کھاتوں سے متعلق تھی جن کے سلسلے میں ہائی کورٹ نے کوئی راحت نہیں دی تھی۔ممتا ترنمول کانگریس کی طرف سے پیش ہوئے سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی نے دلیل دی کہ کھاتوں کو منجمد کیے جانے سے پارٹی کا کام کاج شدید متاثر ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ چار کھاتے ، ان تین ایچ ڈی ایف سی بینک کھاتوں سے الگ ہیں جنہیں منتظم کی دیکھ بھال میں چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔ مسٹر سنگھوی نے کہا کہ پارٹی کو اپنے کام کاج کے لیے ہر مہینے تقریباً 12.15 کروڑ روپے کی ضرورت ہوتی ہے اور صرف روزمرہ کے اخراجات تک رسائی کو محدود رکھنا نا کافی ہے ، خاص طور پر تب جب ضمنی انتخابات قریب آ رہے ہیں۔دوسری طرف، سا لسیٹر جنرل تشار مہتا نے پارٹی کے اندرونی تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے دلیل دی کہ الیکشن کمیشن کو پہلے حریف دعووں پر فیصلہ کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے ۔ انہوں نے کچھ کھاتوں میں 35 کروڑ روپے کی مبینہ نقد رقم جمع کرانے سے متعلق جاری تحقیقات کا بھی ذکر کیا۔ سینئر ایڈوکیٹ کے پرمیشور نے بھی کہا کہ روزمرہ کے کام کاج کے لیے ضروری اخراجات کی اجازت پہلے ہی دی جا چکی ہے ۔
تاہم، مسٹر سنگھوی نے دلیل دی کہ الیکشن کمیشن کی کارروائی پارٹی کے نام اور نشان سے متعلق ہے ، نہ کہ اس کے بینک کھاتوں سے ۔ لیکن بنچ ان دلائل سے متفق نہیں ہوئی اور کوئی بھی عبوری راحت دینے سے انکار کرتے ہوئے ہائی کورٹ کو کارروائی میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔
نئی دہلی، یکم اکتوبر: سپریم کورٹ نے جمعرات کے روز سابق وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والے ترنمول کانگریس دھڑے کے چار بینک کھاتوں کو منجمد کیے جانے کے خلاف کوئی بھی راحت دینے سے ا...
Source: Admin
Comment
Your View
We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!
Post your comment
0 CommentsNo comments