Meta Pixel
Logo

Akhbar-e-Mashriq

PUBLISHED FROM Kolkata Delhi Ranchi Lucknow Bhopal Srinagar Siliguri Asansol
Akhbar-e-Mashriq Akhbar-e-Mashriq
ALERTS

International

صدر ٹرمپ کا حماس کو ’مکمل غیر مسلح‘ کرنے کے معاہدے کا اعلان

صدر ٹرمپ کا حماس کو ’مکمل غیر مسلح‘ کرنے کے معاہدے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کی ’مکمل غیر مسلح‘ کرنے کے ایک معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے اسے غزہ میں نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ کے اس معاہدے کے اعلان پر حماس کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب قاہرہ میں ثالثوں کے ساتھ جاری بات چیت سے واقف ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ فلسطینی اسلامی تحریک ایک ایسے معاہدے کی طرف پیش رفت کر رہی ہے جس میں اس کے ہتھیاروں کو ناکارہ بنانا شامل ہے۔ امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا’آج بورڈ آف پیس نے حماس اور غزہ کے تمام دیگر مسلح گروہوں کو مکمل غیر مسلح کرنے کے لیے ایک تاریخی معاہدہ کر لیا ہے۔ یہ دیرپا امن اور سلامتی کی جانب ایک یادگار قدم ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ غیر مسلح کرنے کا عمل ’محتاط انداز میں ترتیب دیے گئے مراحل‘ میں ہو گا۔ انہوں نے مصر، قطر اور ترکی کے ثالثوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا ’جیسے ہی غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہو گا، اسرائیلی افواج واپس چلی جائیں گی اور بین الاقوامی سٹیبلائزیشن فورس ایک نئی فلسطینی پولیس فورس کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ غزہ کو اس کے رہائشیوں اور پڑوسیوں کے لیے محفوظ بنانے کی ذمہ داری سنبھالی جا سکے۔‘ حماس کو غیر مسلح کرنے کا یہ پیچیدہ معاملہ ان اہم ترین رکاوٹوں میں سے ایک رہا ہے جن کی وجہ سے اسرائیل اور حماس کے درمیان اکتوبر سے نافذ العمل جنگ بندی کا معاہدہ آگے نہیں بڑھ پا رہا تھا۔ جنگ بندی کے باوجود غزہ میں تشدد کا سلسلہ پوری طرح نہیں تھم سکا ہے۔ طبی حکام کے مطابق جمعرات کو بھی اسرائیلی حملوں میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ مصر کے سرکاری خبر رساں ادارے ’القاہرہ نیوز‘ نے جمعے کی صبح رپورٹ کیا کہ غزہ جنگ بندی کے ثالث، جن میں امریکہ، قطر اور ترکی شامل ہیں، بہت جلد قاہرہ میں ایک اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اگرچہ خبر رساں ادارے نے اجلاس کی حتمی تاریخ نہیں بتائی، تاہم اس کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں غزہ جنگ بندی منصوبے کے دوسرے مرحلے کے نفاذ پر بات چیت کی جائے گی جس کے روڈ میپ پر حماس اور دیگر فلسطینی دھڑے پہلے ہی رضامند ہو چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ کے غزہ کے لیے پیش کردہ 20 نکاتی امن منصوبے کے تحت جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں حماس کو غیر مسلح کرنے اور اس علاقے سے اسرائیلی افواج کا تدریجی انخلا شامل ہے۔ اس منصوبے کے تحت جنگ کے بعد کے عبوری دور میں غزہ کے روزمرہ کے انتظامی امور چلانے کے لیے فلسطینی ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی ’نیشنل کمیٹی فار دی ایڈمنسٹریشن آف غزہ‘ بھی تشکیل دی جانی ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو حماس کے ایک ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ تنظیم ابھی اس مجوزہ خاکے میں ترامیم کا عمل مکمل کر رہی ہے۔ ایک سفارتی ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ’ہم ایک ایسے عملی روڈ میپ پر پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہیں جو تمام ہتھیاروں کو ناکارہ بنانے اور تمام اختیارات تکنیکی حکومت کے سپرد کرنے کا ایک متوازن راستہ فراہم کرتا ہے۔‘ ذرائع کے مطابق کسی خاص ہتھیار یا فرد کے لیے کوئی استثنیٰ نہیں ہو گا اور تمام ہتھیار نیشنل کمیٹی کے مکمل کنٹرول میں ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک تصدیقی نظام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ دونوں فریق معاہدے پر عمل پیرا ہیں یا نہیں۔ دوسری جانب ایک اعلیٰ اسرائیلی سیاسی ذریعے نے واضح کیا کہ حماس کی تجاویز اسرائیلی مطالبات سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ ان کے بقول’اسرائیل حماس کو مکمل غیر مسلح کرانے اور غزہ کو اسلحے سے پاک کرنے کا مطالبہ کرتا ہے جو کسی بھی اگلے مرحلے کے لیے بنیادی شرط ہے۔‘

Source: Admin

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Popular in International

Related Articles

Discussion

Comment
Your View

We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!

Post your comment

0 Comments

No comments