برطانیہ کے مشہور فٹ بال کلب لیورپول کے مشہور پرتگالی فٹ بالر دیوگو ژوٹا 28 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سپین میں پیش آنے والا ایک ہولناک ٹریفک حادثہ ان کی موت کی وجہ بنا۔ فٹ بالر کے ہمراہ ان کے 26 سالہ بھائی بھی حادثے کا شکار ہوئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب اُن کی لیمبورگینی کار شہر زامورا کے قریب تیز رفتاری کے دوران قابو سے باہر ہو کر سڑک سے نیچے جا گری اور اس میں آگ بڑھک اٹھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اوورٹیک کرتے ہوئے گاڑی کے ایک ٹائر کے پھٹنے سے حادثہ پیش آیا۔ دیوگو ژوٹا کی عمر 28 برس تھی اور وہ حال ہی میں اپنی پارٹنر روتے کاردوسو سے شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ اُن کے تین بچے بھی ہیں۔ دیوگو ژوٹا کی اہلیہ نے شادی کے موقع پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا ’میرا خواب پورا ہوا۔‘ دیوگو ژوٹا کی ناگہانی موت پر ساتھی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ناقابلِ یقین ہے، ہم ابھی حال ہی میں قومی ٹیم کے کیمپ میں ساتھ تھے، تم نے ابھی شادی کی تھی۔‘ لِیورپول فٹ بال کلب نے دیوگو ژوٹا کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جبکہ ان کے اعزاز میں اینفیلڈ سٹیڈیم کے باہر مداحوں نے پھول رکھ کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دیوگو ژوٹا 2020 میں لِیورپول میں شامل ہوئے تھے اور انہوں نے کلب کے لیے 182 میچوں میں 65 گولز سکور کیے تھے۔ دیوگو ژوٹا کے ہمراہ حادثے کا شکار ہونے والے ان کے بھائی آندرے سلوا بھی ایک فٹ بالر تھے اور پرتگال کی دوسری ڈویژن کی ٹیم پینافیل سے وابستہ تھے۔ پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم نے دو چیمپئنز کھو دیے ہیں، ان کی موت پرتگالی فٹبال کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہیں اور ہم ہر روز اُن کے ورثے کو زندہ رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔‘ یورپی فٹبال تنظیم یُوئیفا نے اعلان کیا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں جاری خواتین یوروز کے جمعرات اور جمعے کے تمام میچز سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ پرتگال کے وزیرِاعظم لوئس مونتینیگرو نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’دیوگو ژوٹا اور اُن کے بھائی کی موت کی خبر غیرمتوقع اور افسوسناک ہے، میں اُن کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔‘ دیوگو ژوٹا نے لِیورپول کو پچھلے سیزن میں لیگ ٹائٹل جتوانے میں مدد دی تھی اور ایورٹن کے خلاف ڈربی میچ میں فیصلہ کُن گول کیا تھا۔ انہوں نے سنہ 2022 اور 2024 میں ایف اے کپ اور لیگ کپ بھی جیتے۔ اپنے ایک انٹرویو میں دیوگو ژوٹا نے کہا تھا کہ ’گوندومار جیسے چھوٹے سے علاقے سے آنے والے ایک لڑکے کے لیے پریمیئر لیگ جیتنا ایک خواب کی تعبیر ہے، یہ لمحہ ہمیشہ میرے دل میں رہے گا۔‘ دیوگو ژوٹا نے فٹبال کا آغاز اپنے آبائی شہر پورتو کی ٹیم پاکوش دی فریرا سے کیا تھا اور پھر سنہ 2017 میں وولورہیمپٹن وینڈرز میں شامل ہوئے۔ وولوز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم غمزدہ ہیں، دیوگو ژوٹا ہمارے شائقین کے دل کا ٹکڑا تھے، ساتھی کھلاڑیوں کے پیارے اور ہر فرد کے لیے باعثِ مسرت تھے۔‘ پاکوش دی فریرا کلب نے بھی گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جوتا اور اُن کے بھائی نے ہمارے چھوٹے سے کلب پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ دیوگو ژوٹا ایک مثالی کھلاڑی تھے جو فٹبال کی بلندیوں تک پہنچے۔ اُن کا نام ہماری تاریخ کا حصہ ہے۔‘ دیوگو ژوٹا نے پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے 49 میچز کھیلے اور دو مرتبہ یُوئیفا نیشنز لیگ جیتی۔ خبر کے مطابق لزبن کی سڑکوں پر کئی شہری غم سے نڈھال نظر آئے۔ 25 سالہ فٹبال مداح فرانسیسکو فریرا نے کہا ’بلاشبہ وہ قومی ٹیم کے بڑے کھلاڑیوں میں سے ایک تھے اور لِیورپول کے لیے نہایت اہم تھے، یہ پورے پرتگال کے لیے ایک دلخراش سانحہ ہے۔‘ دیوگو ژوٹا اور اُن کے بھائی کی ناگہانی موت نے فٹبال دنیا کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے اور اُن کی یادیں ہمیشہ مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔
Source: social media
منولو مارکیز بھارتی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی
اردن کا اسرائیل کیخلاف باسکٹ بال میچ کھیلنے سے انکار
’بابر اعظم جیسے کپتان سرفراز احمد کی جیب میں رہتے تھے‘:سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی
سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 77 رنز سے شکست دی
گل نے لگائی شاندار سنچری، جیسوال-جڈیجہ کی بھی شاندار بلے بازی
لیورپول کے معروف فٹ بالر اسپین میں ایک ہولناک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے
سعودی الہلال کلب کی تاریخی فتح، مانچسٹر سٹی کو ہرا کر کلب ورلڈ کپ سے باہر کر دیا
ڈیاگو جوتا کی حادثاتی موت پر کرسٹیانو رونالڈو کا بیان آگیا
شبھمن گل نے لگائی ڈبل سنچری، توڑدیا وراٹ کوہلی کا ریکارڈ، پہلی بارکسی ہندوستانی کپتان نے کیا ایسا کمال
لیورپول کے معروف فٹ بالر اسپین میں ایک ہولناک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے