این آئی اے دفتر پہنچ کر سابق وزیر سبینا یاسمین نے برہمی کا اظہار کیا
گزشتہ یکم اپریل کو مالدہ کے کالیاچک-2 بلاک دفتر میں ایس آئی آر کے کام پر تعینات سات عدالتی افسران کو مبینہ طور پر گھیر کر رکھا گیا تھا اور ان کی گاڑی پر حملے کا الزام بھی سامنے آیا تھا۔ معاملے کی تفتیش اپنے ہاتھ میں لینے کے بعد این آئی اے نے مالدہ کے سوجاپور اور موتاباڑی علاقوں میں کئی مرتبہ چھاپے مارے۔
ریاست کی سابق وزیر سبینا یاسمین نیو ٹاو¿ن میں واقع این آئی اے کے دفتر میں پیش ہوئیں۔ موتاباڑی معاملے کی تفتیش کے سلسلے میں قومی تحقیقاتی ایجنسی نے گزشتہ ہفتے ہی انہیں طلبی کا نوٹس بھیجا تھا۔ اسی کے مطابق سوجاپور کی رکن اسمبلی پیر کی صبح این آئی اے دفتر پہنچیں۔ سابق وزیر کے شوہر محمد محبوب عالم بھی این آئی اے دفتر میں حاضر ہوئے۔
پیر کے روز این آئی اے دفتر میں داخل ہونے سے پہلے سبینا نے کہا، ”کئی لوگوں کو بار بار بلایا جا رہا ہے۔ ہمارا اس واقعے سے کسی بھی طرح کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہم پہلے بھی یہ بات کہہ چکے ہیں۔ اس کے باوجود دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔“
ترنمول کانگریس کی رکن اسمبلی کا دعویٰ ہے کہ انہیں ’سیاسی مقاصد کے تحت‘ طلب کیا جا رہا ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی موتاباڑی معاملے کی تفتیش کے دوران این آئی اے نے سبینا کو طلب کیا تھا۔ سابق وزیر کے شوہر محبوب سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ اس مرتبہ قومی تحقیقاتی ایجنسی نے دونوں کو دوبارہ پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔
ریاست میں اسمبلی انتخابات سے قبل گزشتہ یکم اپریل کو مالدہ کے کالیاچک-2 بلاک دفتر میں ایس آئی آر کے کام پر تعینات سات عدالتی افسران کو مبینہ طور پر گھیر کر رکھا گیا تھا اور ان کی گاڑی پر حملے کا الزام سامنے آیا تھا۔ حالات کشیدہ ہونے کے بعد مرکزی فورسز نے موقع پر پہنچ کر ان افسران کو بحفاظت باہر نکالا تھا۔ اس واقعے کو لے کر شدید احتجاج بھی شروع ہو گیا تھا۔ بعد میں اس معاملے کی تفتیش این آئی اے کے حوالے کر دی گئی۔
تفتیش کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد این آئی اے نے مالدہ کے سوجاپور اور موتاباڑی علاقوں میں کئی مرحلوں میں چھاپے مارے۔ اس معاملے میں کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ تفتیشی افسران نے سی سی ٹی وی فوٹیج، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور دیگر شواہد کی جانچ کرتے ہوئے واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کرنے کی کوشش شروع کی۔
اس سے پہلے 24 ستمبر کو بھی این آئی اے نے سبینا یاسمین کو طلب کیا تھا۔ اس روز انہیں صبح 11 بجے تک مالدہ کے کالیاچک پولیس اسٹیشن میں حاضر ہونے کے لیے کہا گیا تھا۔ اسی کے مطابق این آئی اے کے تفتیشی افسران تھانے میں ان کا انتظار کر رہے تھے۔
تاہم شوہر کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے وہ وہاں نہیں پہنچ سکی تھیں۔ اس وقت سبینا کے شوہر کولکاتا کے ایک نرسنگ ہوم میں زیرِ علاج تھے۔ اسی لیے اس دن دوپہر کے وقت کالیاچک تھانے کے بجائے سابق وزیر کولکاتا میں واقع این آئی اے کے دفتر میں پیش ہوئی تھیں۔
این آئی اے دفتر پہنچ کر سابق وزیر سبینا یاسمین نے برہمی کا اظہار کیا...
Source: Admin