کالی پوجا میں کسی حادثے کو روکنے کے لیے پنڈالوں میں ’ایمرجنسی ایویکیویشن پلان‘ تیار کرنے کی ہدایت
درگا پوجا کے دوران چورباغان میں پیش آنے والے المناک حادثے سے سبق لیتے ہوئے لال بازار پولیس نے کالی پوجا کی تمام کمیٹیوں کے لیے کئی اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ پولیس کمشنر اجے نندا نے ہدایت دی ہے کہ پنڈالوں میں بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے معاملے میں کالی پوجا کی کمیٹیاں خصوصی احتیاط برتیں۔
اگر پنڈال میں مائیک کے ذریعے عقیدت مندوں یا زائرین کے لیے کوئی اعلان کرنا ہو تو پولیس کے ساتھ تال میل رکھ کر ہی کیا جائے۔ ضرورت پڑنے پر پولیس کی موجودگی میں مائیک کے ذریعے اعلان کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں زائرین کو جلد از جلد محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے ہر کالی پوجا کمیٹی کو پہلے سے ’ایمرجنسی ایویکیویشن پلان‘ تیار رکھنے کو کہا گیا ہے۔
پوجا منتظمین کو اس بات کی مکمل منصوبہ بندی کرنی ہوگی کہ ضرورت پڑنے پر زائرین کو پنڈال سے فوری طور پر کس طرح باہر نکالا جائے گا۔ ضرورت کے مطابق اس منصوبے کی معلومات پولیس کو بھی دینی ہوں گی۔
اس سال کولکاتا میں 3442 کالی پوجائیں منعقد ہو رہی ہیں۔ 10 سے 12 نومبر کے درمیان کالی دیوی کی مورتیوں کا وسرجن کرنا ہوگا۔ پیر کے روز دھن دھانیا آڈیٹوریم میں کولکاتا پولیس نے شہر کی کالی پوجا کمیٹیوں کے ساتھ تال میل کی میٹنگ کی۔
درگا پوجا کے دوران چورباغان میں بھگدڑ کے باعث 19 افراد کی موت ہو گئی تھی۔ کالی پوجا کے دوران ایسے کسی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے لال بازار نے پوجا کمیٹیوں کو کئی اہم ہدایات دی ہیں۔
پولیس کی ہدایت ہے کہ پنڈال میں داخلے کا راستہ جتنا چوڑا رکھا جائے، باہر نکلنے کا راستہ اس سے دوگنا چوڑا ہونا چاہیے۔ زائرین کے محفوظ انخلا کے لیے مناسب جگہ کا انتظام کرنا لازمی ہوگا۔ چورباغان میں غلط اعلان کی وجہ سے اتنا بڑا حادثہ پیش آیا تھا، اسی لیے اب پولیس کی موجودگی میں ہی اعلانات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
چورباغان حادثے کے دوران بارش کی وجہ سے تقریباً ایک ہزار زائرین نے پنڈال کے اندر پناہ لینے کی کوشش کی تھی، جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔ اسی واقعے کو مدنظر رکھتے ہوئے کالی پوجا کے دوران بارش ہونے کی صورت میں بھی کسی حادثے سے بچنے کے لیے پولیس سخت نگرانی کرے گی۔
پولیس کی ہدایت کے مطابق بارش شروع ہوتے ہی پنڈال میں زائرین کا داخلہ بند کر دینا ہوگا۔ صورتحال معمول پر آنے کے بعد ہی دوبارہ داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ پنڈال سے زائرین کو فوری طور پر باہر نکالنے کے لیے ہنگامی انخلا کا منصوبہ بھی تیار رکھنا ہوگا۔
لال بازار کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق رات 8 بجے سے 10 بجے تک صرف ماحول دوست سبز پٹاخے جلانے کی اجازت ہوگی۔ لاو¿ڈ اسپیکر اور ساو¿نڈ باکس استعمال کرنے کی اجازت صبح 7 بجے سے 11 بجے تک اور شام 6 بجے سے رات 10 بجے تک رہے گی۔
مورتیوں کے وسرجن کے جلوس میں کسی بھی قسم کے شور والے پٹاخے جلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ ڈی جے بجانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
لال بازار پولیس کالی پوجا کے دوران شہر میں بھیڑ کو کنٹرول کرنے اور حفاظتی انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ ہونے دینے کے لیے خصوصی نگرانی کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق کسی بھی ممکنہ حادثے کو روکنے کے لیے پوجا کمیٹیوں کے ساتھ تال میل قائم کرکے حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
کالی پوجا میں کسی حادثے کو روکنے کے لیے پنڈالوں میں ’ایمرجنسی ایویکیویشن پلان‘ تیار کرنے کی ہدایت...
Source: Admin