سرکاری اسپتالوں میں ہاکروں کے داخلے پر پابندی عائد، محکمہ صحت کا بڑا قدم
نئی ہدایات میں محکمہ صحت نے مریضوں کی حفاظت اور ان کی ذاتی رازداری کو بھی اہمیت دی ہے۔
مریضوں کی صحت اور حفظانِ صحت سب سے زیادہ اہم ہے۔ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اسی بات کو یقینی بنانے کے لیے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مغربی بنگال کے محکمہ صحت نے تمام سرکاری اسپتالوں کے انڈور پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (IPD) اور آو¿ٹ ڈور پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (OPD) میں ہاکروں، فروخت کنندگان اور دکانداروں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ریاست کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے تحریری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اسپتالوں میں صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی لازمی ہے۔ اس کے بعد منگل کی صبح سے مختلف اسپتالوں میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور ہاکروں کے داخلے پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے ایس ایس کے ایم اسپتال میں ایک اہم میٹنگ کی تھی۔ اس میٹنگ میں محکمہ صحت کے علاوہ دیگر انتظامی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دوران مریضوں کے کئی رشتہ داروں نے وزیر اعلیٰ کو شکایت کی تھی کہ اسپتال کے احاطے سے موبائل فون چوری ہونے کے واقعات عام ہیں۔ او پی ڈی کی قطاروں میں کئی لوگ مریضوں کے رشتہ دار بن کر گھومتے رہتے ہیں۔ ان کے رشتہ داروں نے شکایت کی تھی کہ علاج کے لیے اسپتال آنے کے باوجود انہیں ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس طرح کی شکایات سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت حرکت میں آیا اور اب یہ نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
نئی ہدایات میں محکمہ صحت نے مریضوں کی حفاظت اور ان کی ذاتی رازداری کو بھی اہمیت دی ہے۔ روزانہ اسپتالوں کے او پی ڈی میں بڑی تعداد میں مریض آتے ہیں۔ ایسے میں اسپتال کے احاطے میں ہاکروں کی موجودگی سے حالات مزید بدنظمی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
کئی مرتبہ متعدی بیماریوں میں مبتلا مریض بھی او پی ڈی میں علاج کے لیے آتے ہیں۔ ہاکروں کی آزادانہ آمدورفت سے ایک دوسرے میں انفیکشن پھیلنے کا خطرہ رہتا ہے۔ ان تمام مسائل کی روک تھام کے لیے مغربی بنگال کے محکمہ صحت نے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ اسے ایک انتہائی اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری اسپتالوں میں ہاکروں کے داخلے پر پابندی عائد، محکمہ صحت کا بڑا قدم...
Source: Admin