Akhbar-e-Mashriq

Akhbar-e-Mashriq

Logo

Akhbar-e-Mashriq

PUBLISHED FROM Kolkata ♦ Delhi ♦ Ranchi ♦ Lucknow ♦ Bhopal ♦ Srinagar ♦ Siliguri ♦ Asansol
Akhbar-e-Mashriq Akhbar-e-Mashriq
ALERTS
Kolkata

سبینا ممتا کے خیمے میں واپس، براتیا کو لے کر قیاس آرائیاں تیز، ریت برت بولے، ڈرامہ نگار باسو اب کالی گھاٹ کا رخ نہیں کریں گے

Admin
By Admin
Nov 24, 2026
Listen to Article Audio Narration
Loading narration audio... Playing • Tap to pause Tap play to listen to this story

Your Reaction

{{ voteMessage }}

{{ currentVoteCount }} Responses

سبینا ممتا کے خیمے میں واپس، براتیا کو لے کر قیاس آرائیاں تیز، ریت برت بولے، ڈرامہ نگار باسو اب کالی گھاٹ کا رخ نہیں کریں گے
سبینا ممتا کے خیمے میں واپس، براتیا کو لے کر قیاس آرائیاں تیز، ریت برت بولے، ڈرامہ نگار باسو اب کالی گھاٹ کا رخ نہیں کریں گے — November 24, 2026
سبینا ممتا کے خیمے میں واپس، براتیا کو لے کر قیاس آرائیاں تیز، ریت برت بولے، ڈرامہ نگار باسو اب کالی گھاٹ کا رخ نہیں کریں گے
2026 کے اسمبلی انتخابات میں دم دم حلقے سے بی جے پی کے ارجیت بخشی کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد سے ہی سابق وزیر تعلیم تقریباً منظر عام سے غائب ہو گئے تھے۔
ریاستی سیاست میں ایک بار پھر سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کی قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔ این آئی اے کے سمن کے درمیان اپوزیشن لیڈر ریت برت بنرجی کی قیادت والی ’ڈیموکریٹک ترنمول‘ چھوڑ کر سوجاپور کی رکن اسمبلی سبینا یاسمین ممتا بنرجی کے خیمے میں واپس آگئی ہیں۔ اسی سیاسی تبدیلی کے ماحول میں سابق وزیر تعلیم براتیا باسو کی سیاسی پوزیشن کو لے کر ریت برت نے ایک بار پھر نئی قیاس آرائیوں کو ہوا دے دی ہے۔ پیر کو اسمبلی میں پریس کانفرنس کے دوران براتیا کے ساتھ اپنے مسلسل رابطے اور ادب و نفسیات پر ہونے والی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے ریت برت نے دعویٰ کیا کہ سیاست ’امکانات کا فن‘ ہے۔ انہیں یقین ہے کہ براتیا باسو چاہے جو بھی کریں، لیکن اب وہ ممتا بنرجی کے کالی گھاٹ والے خیمے کا رخ نہیں کریں گے۔
2026 کے اسمبلی انتخابات میں دم دم حلقے سے بی جے پی کے ارجیت بخشی کے ہاتھوں شکست کے بعد سے ہی سابق وزیر تعلیم تقریباً منظر عام سے غائب تھے۔ تقریباً چھ ماہ بعد حال ہی میں ان کے اور ایک دوسرے سابق وزیر اندرانل سین کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزام میں ’زیرو ایف آئی آر‘ درج ہونے کے بعد براتیا منظر عام پر آئے۔ مختلف میڈیا اداروں کو دیے گئے انٹرویوز میں انہوں نے اپنے خلاف خواتین پر تشدد اور ہراسانی کے الزامات کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ شکایت کرنے والی خاتون کو نہیں جانتے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے قانونی کارروائی کرنے کی بات بھی کہی۔ اسی انٹرویو میں براتیا نے بتایا تھا کہ فی الحال وہ کسی سیاسی جماعت میں نہیں ہیں، لیکن ریت برت بنرجی سے کبھی کبھار ان کی بات چیت ہوتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اب ممتا بنرجی سے ان کی کوئی بات چیت نہیں ہوتی۔
پیر کو پریس کانفرنس میں ریت برت نے بھی براتیا کے اسی بیان کی تائید کی۔ سابق وزیر تعلیم کے ساتھ اپنے تعلقات کی وضاحت کرتے ہوئے ریت برت نے عالمی ادب اور نفسیات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ براتیا کے ساتھ ان کی قربت صرف سیاسی تعلقات کی وجہ سے نہیں، بلکہ علمی اور فکری گفتگو بھی اس کی ایک اہم وجہ ہے۔
ریت برت کے الفاظ میں، ”ترنمول میں رہتے ہوئے اگر مجھے مانک بندوپادھیائے، وبھوتی بھوشن بندوپادھیائے اور تارا شنکر بندوپادھیائے کو نوبیل انعام کے لیے نامزد کرنے یا بورس پاسٹرناک، سلویا پلاتھ، جیمز جوائس، فیدریکو گارسیا لورکا اور آسکر وائلڈ کے بارے میں گفتگو کرنی ہوتی، تو براتیا باسو کے علاوہ میرے پاس کوئی دوسرا متبادل نہیں تھا۔“ انہوں نے بتایا کہ سگمنڈ فرائڈ کے بارے میں بھی دونوں کے درمیان طویل گفتگو ہوتی تھی۔
اسی سلسلے میں اپوزیشن لیڈر نے سابق جماعت کے کچھ ساتھیوں پر نام لیے بغیر طنز کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ براتیا باسو جب وزیر تھے، اس وقت جیونانند داس کی ایک نظم کی سطر سے متاثر ہوکر ’بیرنگ ترنگیر نیٹول مکتو پروال‘ کے نام سے ایک کتاب لکھی تھی۔ ریت برت کا دعویٰ ہے کہ اس کتاب کا نام سن کر اس وقت کے کچھ وزرا اور رہنما ان سے پوچھنے لگے تھے کہ آخر یہ کیا چیز ہے۔
ریت برت نے طنز کرتے ہوئے کہا، ”جہاں ایک ہی پوسٹ ہے اور باقی سب لیمپ پوسٹ ہیں، وہاں براتیا باسو جس زبان کا استعمال کریں گے، وہ بہت سے لوگوں کے سروں سے گزر جائے گی۔“ انتخابات میں شکست کے بعد براتیا کے منظر عام سے دور رہنے کو انہوں نے ’غلامی سے آزادی‘ یا ’راحت ملنے‘ کے احساس سے بھی تعبیر کیا۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انتخابی نتائج کے اعلان کے تقریباً دو ماہ بعد وہ براتیا کے گھر گئے تھے۔ صرف یہی نہیں، ان کے مطابق اتوار کو دونوں کے درمیان کم از کم تین مرتبہ بات چیت ہوئی تھی اور پیر کی صبح بھی ان کی براتیا سے گفتگو ہوئی تھی۔سلویا پلاتھ کے ایک مشہور قول کا حوالہ دیتے ہوئے ریت برت نے کہا، ”مجھے پورا یقین ہے کہ براتیا دا سیاست کریں یا نہ کریں، لیکن اب وہ ڈاکٹر ممتا بنرجی یا ان کے بھتیجے کے آس پاس بھی کبھی بھٹکنے کی غلطی نہیں کریں گے۔“
اگرچہ انہوں نے براتیا کے مستقبل کے سیاسی قدم کے بارے میں براہ راست کچھ نہیں کہا، لیکن ’سیاست امکانات کا فن ہے، کل کیا ہوگا، دیکھ لیجیے‘ کہہ کر انہوں نے نئے سیاسی مساوات کا اشارہ ضرور دے دیا۔
دوسری جانب سوجاپور کی رکن اسمبلی سبینا یاسمین کے پارٹی بدلنے کے معاملے پر بھی ریت برت نے پیر کو اپنا موقف پیش کیا۔ اتفاق سے اسی دن قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے سبینا کو طلب کیا تھا۔
ریت برت کا دعویٰ ہے کہ این آئی اے کا سمن ملنے کے بعد سبینا نے ان سے سوال کیا تھا کہ جب وہ ان کے ساتھ ہیں تو پھر مرکزی ایجنسی انہیں کیوں طلب کر رہی ہے؟ اس کے جواب میں ریت برت اور پارٹی کے چیف وہپ اختر الزماں نے واضح طور پر کہا کہ ان میں سے کوئی بھی این آئی اے کا ڈائریکٹر نہیں ہے، اس لیے سمن بھیجے جانے کی وجہ بتانا ان کے لیے ممکن نہیں ہے۔
انتخابات سے قبل موٹھاباڑی علاقے میں خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے کام کے سلسلے میں پہنچنے والے عدالتی افسران کے ساتھ کیے گئے برتاو¿ کو اپوزیشن لیڈر نے غیر مناسب قرار دیا۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ شاید سبینا کو لگا کہ اس قانونی بحران سے صرف ممتا بنرجی اور ان کے بھتیجے ہی انہیں بچا سکتے ہیں، اسی لیے انہوں نے اپنا سیاسی خیمہ تبدیل کر لیا۔اگرچہ این آئی اے کے سمن اور پارٹی بدلنے کے معاملے پر سبینا یاسمین کا ردعمل جاننے کے لیے انہیں کئی مرتبہ فون کیا گیا، لیکن انہوں نے فون نہیں اٹھایا۔ڈیموکریٹک ترنمول کے ایک ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سبینا نے الیکشن کمیشن میں ممتا ترنمول کے حق میں اپنے دستخط کر دیے ہیں۔ ایسی صورتحال میں تنظیم کے آل انڈیا صدر ار رائے یا ریاستی صدر بپلب مترا، دونوں میں سے کوئی بھی ان کی ذمہ داری لینے کے لیے تیار نہیں تھے۔

سبینا ممتا کے خیمے میں واپس، براتیا کو لے کر قیاس آرائیاں تیز، ریت برت بولے، ڈرامہ نگار باسو اب کالی گھاٹ کا رخ نہیں کریں گے...

Source: Admin
Trending Videos
Instagram
X (Twitter)
LinkedIn