بھوانی پور میں پھر ’سابق‘ اور ’موجودہ‘ کے درمیان مقابلہ! گرو نانک جینتی پر سنت کٹیا میں شوبھندو اور ممتا
ممتا بنرجی کے علاقے میں پہنچنے پر کسی بھی طرح کے احتجاج یا ناخوشگوار صورتِ حال کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
گرو نانک جینتی کی شام ایک بار پھر بھوانی پور سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بننے جا رہا ہے۔ سب کچھ ٹھیک رہا تو منگل کی شام بھوانی پور کے سنت کٹیا گرودوارے میں موجودہ وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری اور سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پہنچنے والے ہیں۔ گرودوارہ ذرائع کے مطابق، دونوں ہی وہاں جائیں گے، لیکن الگ الگ اوقات میں۔ مقامی رکن اسمبلی ہونے کی حیثیت سے وزیر اعلیٰ شوبھندو کے شام چھ بجے کے بعد سنت کٹیا گرودوارے پہنچنے کا امکان ہے۔ ان کے دورے کے پیش نظر کولکاتا پولیس نے پہلے ہی تمام حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ تاہم، پولیس اور انتظامیہ کی خصوصی توجہ سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے دورے پر ہے۔ گرودوارہ انتظامیہ نے دونوں رہنماو¿ں کو مدعو کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق، ممتا بنرجی کے علاقے میں پہنچنے پر کسی بھی طرح کے احتجاج یا ناخوشگوار صورتِ حال سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ اگر دوپہر یا شام کے وقت علاقے میں کوئی ہنگامہ یا احتجاج ہوا تو شام کو وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری کے دورے کے دوران اس کا اثر پڑ سکتا ہے۔ اسی لیے پہلے ہی پورے علاقے کو سخت حفاظتی حصار میں لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، سابق وزیر اعلیٰ کے دورے پر طنز کرنے سے بی جے پی بھی باز نہیں آئی۔ مقامی بی جے پی رہنما کا دعویٰ ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ کے آنے سے بھی علاقے میں کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں جو لوگ پورے علاقے میں بدامنی پھیلاتے تھے، وہ اب غیر فعال ہو کر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں۔ اس لیے ان رہنما کے مطابق ممتا کے گرودوارے آنے کے باوجود علاقے میں دوبارہ کشیدگی پیدا ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ سنت کٹیا گرودوارے سے دونوں رہنماو¿ں کا تعلق کافی پرانا ہے۔ 2021 میں اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد شوبھندو کئی بار اس گرودوارے میں آ چکے ہیں۔ رواں سال وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد بھی وہ اپنے اسمبلی حلقے بھوانی پور کے اس مذہبی مقام پر کئی مرتبہ حاضری دے چکے ہیں۔ دوسری جانب، ممتا بنرجی اپنے پندرہ سالہ دورِ وزارتِ اعلیٰ میں خاندان کے افراد کے ساتھ باقاعدگی سے اس گرودوارے میں آیا کرتی تھیں۔ زیادہ تر مواقع پر ان کے ساتھ ابھیشیک بنرجی کی اہلیہ روجیرا بھی موجود ہوتی تھیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، اس دورے کے پس منظر میں بھوانی پور اسمبلی حلقے کی آبادی کے تناسب اور انتخابی سیاست کے اعداد و شمار اہم ہیں۔ اس علاقے میں سکھ برادری کا ایک بڑا ووٹ بینک موجود ہے۔ سیاسی حلقوں کے ایک طبقے کا تجزیہ ہے کہ بھوانی پور کا رکن اسمبلی کوئی بھی ہو، اس ووٹ بینک کو مدنظر رکھتے ہوئے سنت کٹیا گرودوارے کو ہمیشہ خصوصی اہمیت دی جاتی رہی ہے۔ اس سال گرو نانک جینتی پر بھی اس روایت میں کوئی تبدیلی نہیں آ رہی ہے۔
بھوانی پور میں پھر ’سابق‘ اور ’موجودہ‘ کے درمیان مقابلہ! گرو نانک جینتی پر سنت کٹیا میں شوبھندو اور ممتا...
Source: Admin