ڈائمنڈ ہاربر تھانے کے آئی سی کا تبادلہ! ایس ڈی پی او کو بھی ہٹایا گیا
نبنّا کے نئے حکم نامے کے مطابق، سنجے ڈے کو ڈائمنڈ ہاربر تھانے کا نیا آئی سی مقرر کیا گیا ہے۔ وہ ہاوڑہ دیہی علاقے میں ڈیپوٹیشن پر تعینات تھے۔ ڈائمنڈ ہاربر سے پرسن جیت کر کو مشرقی مدناپور کے ضلع خفیہ محکمہ (ڈی آئی بی) میں بھیج دیا گیا ہے۔
ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے بھی ان پر انگلی اٹھائی تھی۔ ترنمول کانگریس کے دفتر سے ایک کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم برآمد ہونے کے معاملے کو ’من گھڑت‘ قرار دیتے ہوئے مگراہاٹ مغرب کے رکن اسمبلی شمیم احمد نے بھی ان کے خلاف شکایت کی تھی۔ ریاستی انسانی حقوق کمیشن نے انہیں نوٹس بھیجا تھا۔ کولکاتا ہائی کورٹ میں دائر مقدمے میں بھی ان کا نام سامنے آیا تھا۔ جمعہ کو ڈائمنڈ ہاربر تھانے کے ’متنازع‘ انسپکٹر انچارج (آئی سی) پرسن جیت کر کا تبادلہ کر دیا گیا۔ ان کی نئی تعیناتی وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری کے ضلع مشرقی مدناپور میں کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جمعہ کو پولیس کے نچلے درجے میں بھی کئی تبادلے کیے گئے۔ اتفاق سے اسی دن ڈائمنڈ ہاربر کے ایس ڈی پی او وجے کمار یادو کا بھی تبادلہ کر دیا گیا۔ ان کی جگہ گورو گھوش کو ڈائمنڈ ہاربر کا ایس ڈی پی او مقرر کیا گیا ہے۔ وہ اس سے پہلے پرولیا کے جھالدا میں ایس ڈی پی او تھے۔
نبنّا کے نئے حکم نامے کے مطابق سنجے ڈے کو ڈائمنڈ ہاربر تھانے کا آئی سی بنایا گیا ہے۔ وہ ہاوڑہ ریلوے پولیس سے ریاستی پولیس کے انسداد بدعنوانی شعبے میں ڈیپوٹیشن پر تعینات تھے۔ ڈائمنڈ ہاربر سے پرسن جیت کر کو مشرقی مدناپور کے ضلع خفیہ محکمہ (ڈی آئی بی) بھیج دیا گیا ہے۔
حال ہی میں انسپکٹر پرسن جیت کا نام بار بار خبروں میں آیا ہے، خاص طور پر ڈائمنڈ ہاربر کے سریشی معاملے میں۔ وہاں ترنمول کانگریس کے پارٹی دفتر پر چھاپہ مار کر پولیس نے ایک کروڑ دو لاکھ 79 ہزار روپے برآمد کیے تھے۔ اس تنازع میں مگراہاٹ مغرب کے رکن اسمبلی شمیم احمد کا نام بھی سامنے آیا تھا۔ تاہم رکن اسمبلی کا دعویٰ ہے کہ ریتبرتا گروپ (ڈیموکریٹک ترنمول) سے واپس ممتا ترنمول میں شامل ہونے کی وجہ سے ان کے خلاف یہ سازش رچی گئی ہے۔ انہوں نے سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ انہوں نے ڈائمنڈ ہاربر تھانے کے آئی سی پر بھی انگلی اٹھائی تھی۔
رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے الزام لگایا تھا کہ ڈائمنڈ ہاربر کے آئی سی کی استعمال کردہ کالی گاڑی کے ذریعے سریشی میں واقع ان کے پرانے دفتر تک رقم پہنچائی گئی تھی۔
جمعرات کو ہی ابھیشیک نے فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے کئی الزامات لگائے تھے۔ اس میں بھی انہوں نے انسپکٹر پرسن جیت کو نشانہ بنایا تھا۔ ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری نے لکھا تھا، ”میرے پاس ٹھوس معلومات ہیں کہ گزشتہ 16 اگست کو سی آئی ڈی کے تفتیشی افسر راجا نسکر، شکایت کنندہ سیدا سکینہ یاسمین، بی جے پی لیڈر بھاسکر منڈل اور ڈائمنڈ ہاربر تھانے کے آئی سی پرسن جیت کر کے درمیان ایک میٹنگ ہوئی تھی۔ یہاں تک کہ شکایت کو من گھڑت طریقے سے تیار کرکے تھانے کے پرنٹر سے پرنٹ کیا گیا تھا... اسی میٹنگ میں جھوٹا مقدمہ تیار کرنے کی سازش رچی گئی تھی۔“
انہوں نے بتایا کہ 16 اگست کو ڈائمنڈ ہاربر تھانے کے تمام سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ رکھنے اور عدالت کی نگرانی میں ان کی جانچ کرانے کی درخواست کرتے ہوئے انہوں نے ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا ہے۔
اس کے علاوہ ابھیشیک کے پرسنل اسسٹنٹ سمیت رائے کی اہلیہ سسمیتا گھوش کی ایک درخواست کے پیش نظر ریاستی انسانی حقوق کمیشن نے ڈائمنڈ ہاربر کے ایس پی سمیت چار پولیس افسران کو نوٹس بھیجا تھا۔ اس فہرست میں پرسن جیت کا نام بھی شامل ہے۔ تاہم ان کے تبادلے کے بارے میں الگ سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔ پولیس حلقوں کی جانب سے اسے معمول کا تبادلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
جمعہ کو پرسن جیت کے تبادلے کی خبر سامنے آتے ہی ابھیشیک نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کیا۔ اس میں انہوں نے لکھا، ”اچانک ڈائمنڈ ہاربر تھانے کے آئی سی کا تبادلہ کیوں کر دیا گیا؟ کیا کسی بے قصور شخص کو جھوٹے ثبوت تیار کرکے پھنسانے کی کوشش ناکام ہونے پر سزا کے طور پر اتنی جلدی ان کا تبادلہ کیا گیا ہے؟ یا کسی سازش کے بے نقاب ہونے کے خدشے کے پیش نظر یہ فیصلہ لیا گیا ہے؟“
انہوں نے مزید لکھا، ”پولیس انتظامیہ کے ہر افسر سے میری مو¿دبانہ درخواست ہے کہ وہ قانون اور سروس رولز کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ سیاسی آقاو¿ں کی ہدایت پر ایسا کوئی کام نہ کریں جس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں ان کی ملازمت، عزت اور مستقبل خطرے میں پڑ جائے۔“
اسی طرح جمعہ کو ہی گوتم ساہا کا سی آئی ڈی سے تبادلہ کرکے انہیں نوآکھالی تھانے کا آئی سی مقرر کیا گیا ہے۔ اس عہدے پر تعینات ہمانشو بسواس کو بسیرہاٹ ٹریفک ڈویڑن کا انسپکٹر بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈائمنڈ ہاربر پولیس ضلع کے ایک اور تھانے پوجالی کے آئی سی سومناتھ ڈے کا تبادلہ بھی طے تھا، لیکن نوٹیفکیشن کے مطابق اسے منسوخ کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ جلپائی گوڑی کے ڈی آئی بی سے چرنجیت بسواس کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ نبنّا نے پردھان نگر تھانے کے آئی سی باسودیو سرکار کو بجبج تھانے کا نیا آئی سی مقرر کیا ہے۔ جبکہ بجبج تھانے کے آئی سی نروپم منڈل کو بیر بھوم ضلع کے خفیہ محکمہ میں بھیج دیا گیا ہے۔
ڈائمنڈ ہاربر تھانے کے آئی سی کا تبادلہ! ایس ڈی پی او کو بھی ہٹایا گیا...
Source: Admin