سمندری طوفان کے باعث ہونے والی بارش نے پھول گوبھی کے کسانوں کی مشکلات بڑھا دیں، مشرقی بردوان میں کم قیمت پر فصل فروخت کرنے پر مجبور کسان
جمعہ کو اڈیشہ میں دستک دینے والے سمندری طوفان ’اکوان‘ کے باعث جمعرات سے ہی بنگال کے کئی علاقوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ اس سے دھان کی فصل کو نقصان پہنچنے اور آلو و سبزیوں کی کاشت میں تاخیر کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
سمندری طوفان ’اکوان‘ کے باعث مسلسل بارش سے فصلوں کو ہونے والے نقصان کو کم کرنے کے لیے مشرقی بردوان کے پھول گوبھی کے کسانوں نے جمعہ کو اپنی پیداوار انتہائی کم قیمت پر فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔
جمعہ کو اڈیشہ میں دستک دینے والے سمندری طوفان اکوان کے اثر سے جمعرات سے ہی بنگال کے کئی علاقوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں دھان کی فصل کو نقصان پہنچنے اور آلو سمیت دیگر سبزیوں کی کاشت میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
مشرقی بردوان کے کالنا سب ڈویڑن کے وسیع علاقوں میں کسان ہر سال سردیوں کی اہم فصل پھول گوبھی کی کاشت کرتے ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ نومبر میں غیر معمولی بارش کے باعث انہیں پوری فصل تباہ ہونے سے بچانے کے لیے وقت سے پہلے ہی پھول گوبھی کی کٹائی شروع کرنی پڑی ہے۔
کالنا کے پوربستھلی کے کسان رنجیت داس نے کہا، ”میں نے تقریباً نو بیگھہ زمین پر پھول گوبھی کی کاشت کی تھی۔ اب بے موسم بارش کی وجہ سے مجھے بھاری نقصان کا خدشہ ہے۔ اس لیے میں نے فیصلہ کیا کہ جتنی زیادہ ممکن ہو سکے فصل کی کٹائی کرکے بازار میں جو بھی قیمت ملے، اسی پر فروخت کر دوں۔“
کسانوں کی جانب سے وقت سے پہلے پھول گوبھی کی کٹائی کرکے بازار میں فروخت کرنے کے رجحان کے باعث سبزی کی سپلائی میں اچانک اضافہ ہو گیا ہے، جس سے قیمتوں میں براہ راست گراوٹ آئی ہے۔
پوربستھلی کے بشورمبھا گاو¿ں کے ایک دوسرے کسان نے کہا، ”کالنا کی تھوک منڈی میں منگل تک درمیانے سائز کی پھول گوبھی 13 سے 15 روپے فی عدد فروخت ہو رہی تھی، لیکن آج اس کی قیمت گھٹ کر صرف 7 سے 8 روپے فی عدد رہ گئی ہے۔ تاہم، ہمارے پاس اسے فروخت کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔“
تھوک بازار کے تاجروں کا کہنا ہے کہ زیادہ سپلائی اور طلب میں کمی کے باعث وہ قیمتوں کے معاملے میں کچھ خاص نہیں کر سکتے۔
مشرقی بردوان کے ایک تھوک تاجر نے کہا، ”اڈیشہ سے بڑی تعداد میں خریدار یہاں ہم سے تھوک میں پھول گوبھی خریدنے آتے ہیں۔ لیکن اب سمندری طوفان کی پیش گوئی کے باعث انہوں نے جمعرات سے ہی آنا بند کر دیا ہے۔ ایک طرف سپلائی بہت زیادہ ہے اور دوسری طرف خریداروں کی تعداد کم ہو گئی ہے۔ اس لیے ہم کسانوں سے پھول گوبھی خرید کر اگلے ایک دو دن کے لیے ذخیرہ کر رہے ہیں۔“
کسانوں کا کہنا ہے کہ بے موسم بارش سے صرف پھول گوبھی ہی نہیں بلکہ سردیوں کی دیگر فصلیں، خاص طور پر سبزیاں اور دھان بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سمندری طوفان اکوان کے اڈیشہ میں دستک دینے اور ریاست کے کئی علاقوں میں شدید بارش کے بعد وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری نے جمعہ کو ریاست بھر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی۔
میٹنگ میں مغربی اور مشرقی مدناپور، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، ہاوڑہ، بانکوڑہ اور جھاڑگرام کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ سوویندو نے انہیں ہدایت دی کہ لوگوں کی جان بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
میٹنگ میں موجود ایک افسر نے کہا، ”وزیر اعلیٰ نے ضلعی افسران سے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور چوبیس گھنٹے حالات پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے اضلاع کو یہ بھی ہدایت دی کہ فصلوں یا مکانات کو ہونے والے نقصان کی مکمل تفصیلات ریاستی ہیڈکوارٹر کو بھیجی جائیں، تاکہ متاثرین کو مناسب امداد فراہم کی جا سکے۔“
انہوں نے کولکاتا میونسپل کارپوریشن اور ہاوڑہ میونسپل کارپوریشن کے افسران کو بھی چوبیس گھنٹے حالات پر نظر رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ پانی جمع ہونے یا بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ کے باعث لوگوں کو پریشانی نہ ہو۔
محکمہ زراعت نے کسانوں کے لیے 14447 ہیلپ لائن شروع کی ہے، تاکہ وہ اپنی فصلوں کو ہونے والے نقصان کی اطلاع حکومت کو دے سکیں
ریاست کے محکمہ زراعت اور محکمہ باغبانی نے پہلے ہی ضلعی افسران کو فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ اگر فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوتا ہے تو کسانوں کو فصلوں کے بیمے کا فائدہ دلانے کے لیے بھی تیاری کی جائے گی۔
ریاست کے وزیر زراعت دودھ کمار منڈل نے کہا، ”مسلسل بارش کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے افسران کو پہلے ہی ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ہم نے ضلعی افسران کو ہدایت دی ہے کہ شدید بارش کے باعث کسانوں کو بھاری نقصان ہونے کی صورت میں ضروری اقدامات کریں۔ تاہم، ہم اضلاع سے نقصان کی رپورٹ موصول ہونے کا انتظار کریں گے۔“
انہوں نے مزید کہا، ”بارش کی وجہ سے آلو کی بوائی میں تاخیر ہوگی۔“
سبزیوں اور دھان کے علاوہ مشرقی مدناپور کے پانسکورا میں پھولوں کی کاشت کرنے والے کسانوں کو بھی اکوان کے باعث ہونے والی بارش سے بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
پھول کاشتکاروں کی انجمن کے جنرل سکریٹری نارائن نائک نے کہا، ”ہمارے علاقے میں بڑے پیمانے پر اگائے گئے پھول بارش کی وجہ سے تباہ ہو گئے ہیں۔ اس سے پھولوں کی سپلائی متاثر ہوگی اور اس سردی کے موسم میں پھولوں کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔“
سمندری طوفان کے باعث ہونے والی بارش نے پھول گوبھی کے کسانوں کی مشکلات بڑھا دیں،...
Source: Admin