سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواست کی فیس معاف، شوبھیندو نے کہا، ’بے روزگاروں سے پیسے لینا جرم ہے‘
پیر کو نوبنو میں کابینہ کی میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نے اس فیصلے کا اعلان کیا۔
اب ریاست میں سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواست دینے پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کرنا پڑے گا۔ وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے درخواست فیس معاف کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا۔ پیر کو نوبنو میں کابینہ کی میٹنگ کے بعد انہوں نے یہ اطلاع دی۔ ان کے مطابق، ”ملازمت کے نام پر پیسے لینا جرم اور تنگ نظری کی علامت ہے۔“ وزیر اعلیٰ کے اس فیصلے سے ملازمت کے امیدوار فطری طور پر خوش ہیں۔
اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے بتایا، ”جنرل امیدواروں کو کالج سروس کمیشن میں درخواست دینے کے لیے سب سے زیادہ فیس ادا کرنی پڑتی ہے۔ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کے معاملے میں 500 روپے دینے ہوتے ہیں۔ اب بے روزگار نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو درخواست دینے کے لیے پیسے خرچ نہیں کرنے پڑیں گے۔ ریاستی حکومت یہ خرچ برداشت کرے گی۔ کیونکہ ملازمت کے نام پر پیسے لینا جرم اور تنگ نظری کی علامت ہے۔“
آج کی کابینہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے صحت سمیت ریاست کے مختلف محکموں میں ملازمین کی بھرتی کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا، ”ریاست میں مجموعی طور پر 10 ہزار 147 ملازمین کی بھرتی کی جائے گی۔ صحت سمیت مختلف محکموں میں تقرریاں ہوں گی۔ کچھ بھرتیاں کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھی کی جائیں گی۔ ہمارا ہدف ایک لاکھ لوگوں کو ملازمت دینا ہے۔ دسمبر میں 1,331 افراد کو تقرری نامے دیے جائیں گے۔ 26 ہزار افراد کی ملازمتیں ختم ہونے کے بعد سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق جنوری تک مرحلہ وار بھرتی کا عمل مکمل کر سکیں گے۔“
قابل ذکر ہے کہ انتخابی وعدوں کے دوران بی جے پی رہنماو¿ں نے بار بار کہا تھا کہ اگر وہ بنگال میں اقتدار میں آئے تو دوبارہ بھرتیاں شروع ہوں گی اور بے روزگاری ختم کی جائے گی۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد بی جے پی حکومت نے اس معاملے میں ذرا بھی تاخیر نہیں کی۔ وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے پہلی کابینہ میٹنگ کے بعد ہی اعلان کیا تھا کہ سرکاری ملازمتوں کے لیے عمر کی حد میں 5 سال کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
اس کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ترنمول حکومت کے دور میں بھرتیاں نہیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں بہت سے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں سرکاری ملازمتوں کے امتحانات میں بیٹھنے کا موقع ہی حاصل نہیں کر سکے۔
گروپ اے کے لیے درخواست دینے کی عمر کی حد بڑھا کر 41 سال کر دی گئی ہے۔ گروپ بی کے لیے عمر کی حد 44 سال اور گروپ سی اور ڈی کے لیے بڑھا کر 45 سال کر دی گئی ہے۔ اس کے بعد اب درخواست فیس معاف کرنے کے فیصلے سے سرکاری ملازمتوں کی تیاری کرنے والے نوجوانوں میں خوشی کی لہر ہے۔
سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواست کی فیس معاف، شوبھیندو نے کہا، ’بے روزگاروں سے پیسے لینا جرم ہے‘...
Source: Admin