ریلوے کے بھاری سامان سے لدا ٹرک پل پر چڑھتے ہی پیش آیا حادثہ! کوچ بہار میں اچانک منہدم ہوگیا پل
صبح سویرے کوچ بہار میں پل ٹوٹنے کا واقعہ پیش آیا۔ پیر کی صبح امباڑی علاقے میں گھڑگھڑیا ندی کی نہر پر واقع ایک پرانا پل اچانک منہدم ہوگیا۔ اس پل کی عمر تقریباً 25 سے 30 سال بتائی جا رہی ہے۔ پل پر ریلوے کے بھاری سامان سے لدا ایک بڑا ٹرک چڑھا تھا، جس کے بعد پل تیزی سے ٹوٹ کر نہر میں جا گرا۔ پل تقریباً دو حصوں میں ٹوٹ کر نہر کے پانی میں ڈوب گیا۔
اس حادثے کے باعث آس پاس کے کئی گاو¿ں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ پل کے دوسری جانب ایک ہائی اسکول اور بازار بھی واقع ہے۔ ہفتے کے پہلے ہی دن پیش آنے والے اس حادثے سے مقامی باشندوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بی ڈی او کی پہل پر عارضی سڑک بنانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
کوچ بہار کے بلاک نمبر 2 کے امباڑی اور بوکالی رَ مٹھ علاقوں کے درمیان گھڑگھڑیا ندی کی نہر پر بنا یہ پل ہزاروں لوگوں کی آمدورفت کا ذریعہ ہے۔ کمزور پل کے طور پر مشہور اس پل سے عام طور پر صرف ہلکی گاڑیاں گزرتی ہیں۔
لیکن پیر کی صبح ریلوے کے کام کے سلسلے میں اس پل سے تین ٹرک گزر رہے تھے، جن میں ریلوے کا بھاری سامان لدا ہوا تھا۔ دو ٹرک تو پل سے گزر گئے، لیکن جیسے ہی تیسرا ٹرک پل پر چڑھا، کمزور پل مزید وزن برداشت نہیں کر سکا اور اچانک منہدم ہوگیا۔
ریلوے کے بھاری سامان سے لدا ٹرک پل پر چڑھتے ہی پیش آیا حادثہ! کوچ بہار میں اچانک منہدم ہوگیا پل...
Source: Admin