Sports

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ریکارڈ 238 رنز سے شکست دی

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ریکارڈ 238 رنز سے شکست دی

برمنگھم، 30 مئی: جیکب بیتھل (82)، بین ڈکٹ (60)، کپتان ہیری بروک (57) اور جو روٹ (60) کی نصف سنچری اننگز کے بعد جیمی اوورٹن اور ثاقب محمود (تین تین وکٹیں) کی شاندار گیند بازی کی بدولت انگلینڈ نے پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو ریکارڈ 238 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کر لی ہے۔ انگلینڈ کی مردوں کی ایک روزہ کرکٹ میں رنز کے لحاظ سے یہ دوسری سب سے بڑی فتح ہے۔ میچ میں 82 رنز کی اننگز کھیلنے والے انگلینڈ کے جیکب بیتھل کو 'پلیئر آف دی میچ' کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایجبسٹن اسٹیڈیم میں جمعرات کی رات کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اتری انگلینڈ کے لیے جیمی اسمتھ اور بین ڈکٹ کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 64 رنز جوڑے۔ ساتویں اوور میں الزاری جوزف نے جیمی اسمتھ (37) کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد انگلینڈ کا جو بھی بلے بازکریز پر آیا اس نے تیزی سے رنز بنائے۔ بیتھل نے 82 رنز کی اننگز کھیلی اور ایک وکٹ بھی لی۔ بین ڈکٹ (60)، جو روٹ (57)، کپتان ہیری بروک (58) نے شاندار نصف سنچری اننگز کھیلیں۔ انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 400 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جےڈن سیلز نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ الزاری جوزف اور جسٹن گریوس کو دو دو وکٹیں ملیں۔401 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم انگلینڈ کے گیند بازی حملے کے سامنے 26.2 اوورز میں 162 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ 17 رنز پر اس کے دونوں اوپننگ بلے بازوں کے وکٹ گنوا دیے۔ جسٹن گریوس (4) اور برینڈن کنگ (10) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کیسی کارٹی (22) اور کپتان شائی ہوپ (25) نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی۔ لیکن انگلینڈ کے گیند بازی حملے کے سامنے ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک پچ پر نہ ٹک سکا۔ عامر جنگو (14)، گڈاکیش موتی (18) اور الزاری جوزف (12) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آخر میں بلے بازی کے لیے اترے جےڈن سیلز (ناٹ آؤٹ 29) رہے۔ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 162 رنز ہی بنا سکی اور 238 رنز سے میچ ہار گئی۔ انگلینڈ کی مردوں کی ایک روزہ کرکٹ میں رنز کے لحاظ سے یہ دوسری سب سے بڑی فتح ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے 2018 میں ٹرینٹ برج میں آسٹریلیا کے خلاف 242 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود اور جیمی اوورٹن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ عادل رشید کو دو وکٹیں ملیں۔ برائیڈن کارس اور جیکب بیتھل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Source: uni urdu news service

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments