Sports

ابھیشیک شرما نے شاہد آفریدی کی تیز ترین سنچری کی یاد تازہ کردی

ابھیشیک شرما نے شاہد آفریدی کی تیز ترین سنچری کی یاد تازہ کردی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے بیٹر ابھیشیک شرما کی انگلینڈ کے خلاف دھواں دار اننگز نے پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کی 37 گیندوں پر تیز ترین سنچری کی یاد تازہ کردی۔ پونے میں کھیلے جانیوالے پانچویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ابھیشیک شرما نے 54 گیندوں پر 135 رنز کی اننگز کھیل کر مداحوں کو شاہد آفریدی کی یاد دلا دی ہے۔ ابھیشیک نے بھی اپنی سنچری 37 گیندوں پر اسکور کی، انہوں نے بھارت کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا۔ ابھیشیک کی اننگز میں 13 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ خیال رہے کہ اس میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو 150 رنز سے شکست دے کر اپنی دوسری سب سے بڑی جیت حاصل کی۔ انگلینڈ کی ٹیم 278 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے محض 97 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یہ انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی تاریخ کی سب سے بڑی شکست اور بھارتی ٹیم کی رنز کے اعتبار سے دوسری سب سے بڑی کامیابی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے 4 اکتوبر 1996 کو سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں پر ہی اس وقت کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا تھا۔ یاد رہے کہ شاہد آفریدی کا ریکارڈ ون ڈے فارمیٹ میں تھا۔ شاہد سے قبل ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ سری لنکا کے سنتھ جے سوریا کے پاس تھا جنہوں نے اسی سال 48 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ شاہد آفریدی نے سری لنکا کے خلاف 40 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 11 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے، ان کا یہ ریکارڈ 17 سال تک قائم رہا، جس کے بعد پہلے یکم جنوری 2014 کو نیوزی لینڈ کے ’کورے اینڈرسن‘ اور پھر فروری 2015 میں جنوبی افریقا کے’ اے بی ڈی ویلیئرز ‘نے توڑا۔ 28 سال گزرنے کے بعد بھی شاہد آفریدی کی 1996 کی اننگز کا شمار کرکٹ کی تاریخ کی شاندار اننگز میں کیا جاتا ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments