National

یومِ جمہوریہ پر کرتویہ پتھ پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے لہرایا ترنگا، شاندار پریڈ اور فضائی مظاہرہ

یومِ جمہوریہ پر کرتویہ پتھ پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے لہرایا ترنگا، شاندار پریڈ اور فضائی مظاہرہ

نئی دہلی: ہندوستان نے 77ویں یومِ جمہوریہ کو پورے وقار اور جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ قومی راجدھانی میں کرتویہ پتھ پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے قومی پرچم ترنگا لہرایا اور اس طرح یومِ جمہوریہ کی مرکزی تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ ترنگا لہراتے ہی قومی ترانے کی گونج فضا میں پھیل گئی اور 105 ملی میٹر کی دیسی لائٹ فیلڈ گنز سے 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جس نے پورے ماحول کو حب الوطنی کے رنگ میں رنگ دیا۔ اس موقع پر صدرِ جمہوریہ کے ساتھ یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر اُرسولا وون ڈیر لاین بطور خصوصی مہمان موجود تھیں۔ وزیرِاعظم نریندر مودی نے سلامی اسٹیج پر دونوں معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ روایت کے مطابق صدرِ جمہوریہ اور مہمانانِ خصوصی کو ہندوستانی فوج کی سب سے سینئر رجمنٹ نے کرتویہ پتھ تک پہنچایا۔ وزیرِاعظم کے ساتھ وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے نائب صدر سی پی رادھا کرشنن کا بھی استقبال کیا۔ اس سال کی یومِ جمہوریہ پریڈ میں ہندوستان کی فوجی طاقت، ثقافتی تنوع اور قومی یکجہتی کا دلکش امتزاج پیش کیا گیا۔ پریڈ میں جدید دفاعی نظاموں کی نمائش کے ساتھ ساتھ رنگا رنگ جھانکیوں نے ملک کی تہذیبی وراثت اور ترقیاتی سفر کو اجاگر کیا۔ برہموس اور آکاش جیسے جدید میزائل نظاموں کی جھلک نے دفاعی خود کفالت کے عزم کو نمایاں کیا۔ یومِ جمہوریہ کی تقریبات کا ایک اہم اور پُراثر پہلو شاندار فضائی مظاہرہ رہا۔ راشٹرپتی بھون کے اوپر دن کی پہلی فلائنگ فارمیشن پیش کی گئی، جس میں 129 ہیلی کاپٹر یونٹ کے چار ایم آئی 17 آئی وی ہیلی کاپٹروں نے قومی پرچم کے ساتھ ہندوستانی فوج، بحریہ اور فضائیہ کے سروس پرچم فخر سے لہرائے۔ اس فارمیشن کی قیادت گروپ کیپٹن آلوک اہلاوت نے کی، جبکہ ونگ کمانڈر آشوتوش کھنڈوری، ابھیشیک ملہوترا اور ابھیشیک شکلا نے مختلف سروس پرچم تھامے آسمان میں دل موہ لینے والا منظر پیش کیا۔ اس برس پریڈ کی قیادت پریڈ کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بھونیش کمار نے کی، جو دہلی ایریا کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ہیں، جبکہ ڈپٹی پریڈ کمانڈر میجر جنرل نوراج ڈھلن ان کے ہمراہ موجود تھے۔ پریڈ میں ملک کے اعلیٰ ترین فوجی اعزازات حاصل کرنے والے بہادر سپاہیوں کی شرکت نے تقریب کو مزید وقار بخشا۔ پرم ویر چکر اور اشوک چکر کے یافتگان کی موجودگی نے حاضرین کو قومی قربانیوں اور شجاعت کی یاد دلائی۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments