سمندری طوفان کے اثرات سے بازار میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر
فی الحال ریاست میں 453 ’سوفل بنگلہ‘ اسٹال موجود ہیں، جن میں زیادہ تر کولکاتا میں ہیں۔ ان کی تعداد بڑھا کر پوری ریاست میں 1500 کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
بینگن 100 روپے، پرول 80 روپے اور شملہ مرچ 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ دوسری جانب مرغی کے انڈے کی قیمت 8 روپے فی عدد ہے۔ روہو مچھلی کو چھوڑ دیں تو کاتلا، جھینگا، بھیتکی، پابدا، کوئی بھی مچھلی اب 500 روپے فی کلو سے کم میں دستیاب نہیں ہے۔ نتیجتاً بازار جانے پر عام لوگوں کی جیب خالی ہو رہی ہے۔ خاص طور پر سبزیوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے نے متوسط طبقے کی پریشانی بڑھا دی ہے۔ انتظامیہ کے افسران بھی تشویش میں مبتلا ہیں۔
افسران کے مطابق، بعض بے ایمان تاجروں اور دلالوں کی وجہ سے بازار میں اشیاء کی قیمتیں اس طرح بڑھ رہی ہیں۔ انتظامیہ کے افسران کو یہ بھی یقین ہے کہ اس مہنگائی پر فوری طور پر قابو پانا ممکن نہیں ہوگا۔ اسی لیے اس مسئلے کے مستقل حل کے طور پر ریاستی حکومت نے آنے والے دنوں میں پوری ریاست میں ’سوفل بنگلہ‘ اسٹالز کی تعداد بڑے پیمانے پر بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نوبنو ذرائع کے مطابق، وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری بھی چاہتے ہیں کہ اس مالی سال کے اندر مزید 1000 ’سوفل بنگلہ‘ اسٹال کھولے جائیں۔
فی الحال ریاست میں 453 ’سوفل بنگلہ‘ اسٹال موجود ہیں، جن میں زیادہ تر کولکاتا میں ہیں۔ اس تعداد کو بڑھا کر پوری ریاست میں 1500 کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ یعنی اضلاع میں بھی ’سوفل بنگلہ‘ اسٹالز کی تعداد بڑھانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ حکومت اگلے سال مزید 1000 اسٹال بڑھانے پر بھی غور کر رہی ہے۔
اس کے ساتھ ہی کسانوں سے براہِ راست اشیاء خرید کر ’سوفل بنگلہ‘ اسٹالز پر فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے ایک طرف کسانوں کو اپنی پیداوار کی مناسب قیمت ملے گی، تو دوسری طرف دلالوں کی وجہ سے سبزیوں اور دیگر زرعی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ بھی نہیں ہوگا۔
کبھی تہواروں کے موسم کا بہانہ، کبھی قدرتی آفات اور کبھی فصل کی پیداوار میں کمی کا عذر پیش کرکے بعض بے ایمان تاجر تازہ سبزیوں اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مسلسل بڑھاتے رہتے ہیں۔ نتیجتاً بازار میں اشیاء کی قیمتیں کم نہیں ہوتیں۔ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے چھاپے مارے جانے پر کچھ دنوں کے لیے قیمتوں میں معمولی کمی ضرور آتی ہے، لیکن پھر حالات پہلے جیسے ہو جاتے ہیں۔
اسی لیے عام متوسط طبقے کی پہنچ میں اشیاءکی قیمتیں رکھنے کے لیے ریاستی حکومت اس مسئلے کا مستقل حل چاہتی ہے۔ اسی مقصد سے ’سوفل بنگلہ‘ اسٹالز کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
منگل کے روز نوبنو سبھا گھر میں مہنگائی پر قابو پانے سے متعلق ہونے والی میٹنگ میں بھی وزیر اعلیٰ نے ’سوفل بنگلہ‘ اسٹالز کی تعداد بڑھانے پر زور دیا۔ ذرائع کے مطابق، انہوں نے اس مالی سال میں اسٹالز کی تعداد 1500 تک پہنچانے کے لیے محکمہ زراعتی مارکیٹنگ کے افسران کو مزید سرگرمی سے کام کرنے کی ہدایت دی۔
انتظامیہ کے افسران کا کہنا ہے کہ اگر ’سوفل بنگلہ‘ میں اشیاءکچھ سستی فروخت ہوں گی تو لوگ وہیں سے خریداری کریں گے اور بازار کا رخ نہیں کریں گے۔ خریداروں کی تعداد کم ہونے پر بازار میں بھی تاجروں کو مجبوراً قیمتیں کم کرنی پڑیں گی۔ اس سے متوسط طبقے کو راحت ملے گی۔ایک افسر کے مطابق، ہر سال دسمبر کا مہینہ شروع ہوتے ہی کیک بنانے کے لیے انڈوں کی مانگ بڑھ جاتی ہے، جس کی وجہ سے انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ لیکن اس بار تو دیکھا جا رہا ہے کہ نومبر کے وسط سے ہی مرغی کے انڈے 8 سے ساڑھے 8 روپے فی عدد فروخت ہو رہے ہیں۔ اس پر قابو پانا انتہائی ضروری ہے۔ اگر اسی طرح اشیائ کی قیمتیں بڑھتی رہیں تو مہنگائی بے قابو ہو جائے گی اور لوگوں کی جیب پر مزید بوجھ پڑے گا۔
سمندری طوفان کے اثرات سے بازار میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر...
Source: Admin