کولکاتا میونسپل انتخابات پر روک برقرار! وارڈوں کی نئی حد بندی کا معاملہ ہائی کورٹ کی ڈویڑن بنچ میں بھیجنے کی سپریم کورٹ کی تجویز
کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے وارڈوں کی حد بندی غیر قانونی طریقے سے کیے جانے کا الزام لگاتے ہوئے سی پی ایم لیڈر دیپو داس نے گزشتہ 11 ستمبر کو ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ ہائی کورٹ سے ہوتا ہوا یہ معاملہ اب سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔
کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے وارڈوں کی نئی حد بندی سے متعلق مقدمے کو دوبارہ کولکاتا ہائی کورٹ کی ڈویڑن بنچ میں بھیجنے کی تجویز سپریم کورٹ نے دی ہے۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ جب تک ہائی کورٹ کی ڈویڑن بنچ اس معاملے پر اپنا موقف واضح نہیں کرتی، اس وقت تک میونسپل انتخابات ملتوی رہیں گے۔ بدھ کے روز اس معاملے میں چیف جسٹس سوریہ کانت کی بنچ نے کوئی عبوری حکم جاری نہیں کیا۔ نتیجتاً، میونسپل انتخابات کے اعلان پر ہائی کورٹ کی جانب سے عائد پابندی فی الحال برقرار رہی۔ اس معاملے کی اگلی سماعت آئندہ پیر (30 نومبر) کو ہوگی۔
بدھ کے روز کولکاتا میونسپل انتخابات سے متعلق مقدمے کی سماعت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا کی بنچ میں ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ وہ اس مقدمے کو ہائی کورٹ کی ڈویڑن بنچ میں بھیجنے کا حکم دے گی۔ وہیں اس بات کا فیصلہ ہوگا کہ مقدمے اور میونسپل انتخابات کا مستقبل کیا ہوگا۔ چیف جسٹس نے بتایا کہ فی الحال ہائی کورٹ کی سنگل بنچ کے متنازعہ حکم پر روک برقرار رہے گی۔ اس مقدمے میں پیش کیے گئے تمام قانونی اور حقائق سے متعلق پہلوو¿ں پر غور کرنے کے بعد ہائی کورٹ کی ڈویڑن بنچ نئے سرے سے مناسب حکم جاری کر سکے گی۔
ریاست کی جانب سے اس مقدمے کی سماعت میں مرکزی حکومت کے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے دلائل پیش کیے۔ سپریم کورٹ کی تجویز سننے کے بعد انہوں نے درخواست کی کہ مقدمے کی سماعت دوبارہ پیر کے روز کی جائے۔ سالیسٹر جنرل نے کہا، ”اس دن عدالت کی تجویز پر ریاست کا فیصلہ بتایا جائے گا۔“ سپریم کورٹ نے ان کی درخواست منظور کرلی ہے۔ مقدمے کی اگلی سماعت آئندہ پیر (30 نومبر) کو ہوگی۔
حال ہی میں کولکاتا اور ہاوڑہ میونسپل کارپوریشنوں کے وارڈوں کی نئی حد بندی کی گئی تھی۔ کولکاتا میں وارڈوں کی تعداد 144 سے بڑھا کر 209 کردی گئی ہے۔ جبکہ ہاوڑہ میونسپل کارپوریشن کے وارڈوں کی تعداد 50 سے بڑھا کر 68 کرنے کا بل ریاستی اسمبلی میں منظور کیا گیا تھا۔ دونوں میونسپل کارپوریشنوں کے وارڈوں کی نئی حد بندی پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔
کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے وارڈوں کی حد بندی غیر قانونی طریقے سے کیے جانے کا الزام لگاتے ہوئے سی پی ایم لیڈر دیپو داس نے گزشتہ 11 ستمبر کو ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ ہاوڑہ میں بھی اسی طرح کے الزامات کے ساتھ سی پی ایم کے سابق میئر اِن کونسل اور اسمبلی انتخابات میں مدھیہ ہاوڑہ حلقے کے امیدوار امتیاز احمد نے ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ کولکاتا میونسپل کارپوریشن سے متعلق مقدمہ ہائی کورٹ سے ہوتا ہوا اب سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، جبکہ ہاوڑہ میونسپل کارپوریشن کے وارڈوں کی نئی حد بندی کا معاملہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔
کولکاتا میونسپل انتخابات پر روک برقرار! وارڈوں کی نئی حد بندی کا معاملہ ہائی کورٹ کی ڈویڑن بنچ میں بھیجنے کی سپریم کورٹ کی تجویز...
Source: Admin