چنجماری چائے بگان حادثے کے بعد اسکول بسوں کا مطالبہ، مزدوروں کا احتجاج
ناگراکاٹا بلاک میں چائے فیکٹری کے سامنے مزدوروں نے مظاہرہ کیا اور کہا کہ وہ اپنے بچوں کو ٹرکوں میں اسکول نہیں بھیجیں گے۔
جلپائی گوڑی ضلع کے چنجماری چائے باغان کے مزدوروں نے منگل کو کام بند کرکے بچوں کے لیے مناسب اسکول بسوں کا مطالبہ کیا۔ یہ مطالبہ پیر کو طلبہ کو لے جانے والے ایک ٹرک کے حادثے کے بعد کیا گیا، جس میں چائے باغان کے تین مزدوروں کی موت ہوگئی تھی اور کئی اسکولی بچے زخمی ہوگئے تھے۔
مزدوروں نے ناگراکاٹا بلاک میں چائے فیکٹری کے سامنے مظاہرہ کیا اور واضح کیا کہ وہ اپنے بچوں کو ٹرکوں میں اسکول نہیں بھیجیں گے۔یہ حادثہ پیر کو دوپہر تقریباً 2 بج کر 10 منٹ پر ہندوستان-بھوٹان سرحد کے قریب ناگراکاٹا بلاک کے چنجماری چائے باغان کی کوٹھی لائن میں پیش آیا تھا۔اطلاعات کے مطابق، چنجماری ٹی گارڈن ہائی اسکول کے طلبہ کو گھر واپس لے جانے والی گاڑی کے بریک فیل ہوگئے، جس کے بعد وہ کنکریٹ کے ایک ستون کو توڑتے ہوئے کسٹمز چوکی سے جا ٹکرائی۔
کسٹمز دفتر کے قریب موجود چائے باغان کے تین مزدور گاڑی کی زد میں آگئے۔ دو افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ تیسرے نے سلکاپاڑا دیہی اسپتال لے جاتے وقت دم توڑ دیا۔مرنے والوں کی شناخت 55 سالہ ہری لال اوراو¿ں، 41 سالہ سورج ٹوپو اور 35 سالہ شیت سورین کے طور پر ہوئی ہے۔حادثے میں زخمی ہونے والے 10 طلبہ کو بھی دیہی اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے آٹھ بچوں کو بہتر علاج کے لیے مال بازار کے سپر اسپیشلٹی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
منگل کو پورے چائے باغان میں غم و اندوہ کی فضا چھائی رہی۔ غمزدہ خاندانوں نے بچوں کو ٹرکوں میں اسکول لے جانے کے طریقہ کار پر سوال اٹھائے۔سورج کے بھائی بالی اوراو¿ں نے بتایا کہ تقریباً آٹھ ماہ قبل بھی چائے باغان میں طلبہ کو لے جانے والے ایک ٹرک کے ساتھ اسی طرح کا حادثہ پیش آیا تھا۔انہوں نے کہا، ”ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے بچوں کو ان گاڑیوں میں مویشیوں کی طرح ٹھونس کر لے جایا جائے۔“سورج کی بیٹی اور نویں جماعت کی طالبہ ساوتری اوراو¿ں اپنے والد کی موت کے بعد سے بار بار بے ہوش ہو رہی ہے۔
اس نے کہا، ”ہم چاہتے ہیں کہ چائے باغان سے ہمارے اسکول تک اسکول بس سروس شروع کی جائے۔“شیت سورین کے بھائی متل سورین نے الزام لگایا کہ گاڑی تیز رفتاری سے چلائی جا رہی تھی۔ انہوں نے اسکول کے بچوں کے گاڑی میں سوار ہونے کے باوجود ڈرائیور کے رویے پر بھی سوال اٹھایا۔انہوں نے پوچھا، ”آخر چائے باغان انتظامیہ کی آنکھیں کب کھلیں گی؟“ایک اور مقامی باشندہ آشا لکڑا نے بتایا کہ مزدوروں نے کئی مرتبہ باغان انتظامیہ سے اسکول بسیں شروع کرنے کی اپیل کی تھی، لیکن ان کی درخواستوں کو نظر انداز کردیا گیا۔
مزدوروں کا کہنا ہے کہ پیر کے حادثے نے ٹرک جیسی گاڑیوں میں بچوں کو اسکول لے جانے کے خطرات کو واضح کردیا ہے۔چائے باغان انتظامیہ نے ابھی تک اس حادثے یا مزدوروں کے مطالبے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔پولیس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
چنجماری چائے بگان حادثے کے بعد اسکول بسوں کا مطالبہ، مزدوروں کا احتجاج...
Source: Admin